تلنگانہ حکومت کا اہم اقدام: بس حادثہ میں جاں بحق 45 عمرہ زائرین کے لواحقین کا 35 رکنی قافلہ سعودی عرب روانہ
تلنگانہ حکومت کا اہم اقدام: بس حادثے میں جاں بحق 45 عمرہ زائرین کے لواحقین کا 35 رکنی قافلہ سعودی عرب روانہ
تلنگانہ حکومت نے سعودی عرب میں پیش آئے خوفناک بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 45 عمرہ زائرین کے گھر والوں اور قریبی رشتہ داروں کو سعودی عرب روانہ کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے تشکیل دیا گیا 35 افراد پر مشتمل قافلہ منگل کی رات مدینہ منورہ کے لئے روانہ کیا گیا، جہاں یہ لوگ اپنے عزیزوں کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے۔
قافلے کو روانہ کرنے کے انتظامات انتہائی منظم انداز میں انجام دیئے گئے۔ حج ہاؤس نامپلی سے بعد نمازِ عشا لواحقین کو دو خصوصی بسوں کے ذریعے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ کیا گیا۔ وہاں سے یہ قافلہ سعودی عرب روانہ ہوا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومتِ تلنگانہ نے لواحقین کے سفر، رہائش اور ایک ہفتے کے قیام کا مکمل انتظام کیا ہے۔ قافلہ پہلے مدینہ شریف میں مرحومین کی تدفین میں شریک ہوگا، جس کے بعد یہ مکہ مکرمہ روانہ ہوگا جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی بھی انجام دیں گے۔
اس دوران لواحقین کی رہنمائی اور انتظامات کی نگرانی کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے عہدیدار عرفان کے ساتھ مزید دو ملازمین بھی روانہ ہوئے ہیں۔ حکومت کے اس فیصلے سے متاثرہ خاندانوں کو اپنے عزیزوں کی تدفین میں شرکت کا موقع ملا ہے، جس پر انہوں نے حکومت کے اس تعاون پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔



