تلنگانہ کے ان 15 اضلاع میں آج جمعہ کو شدید بارش کا امکان

خلیج بنگال میں بنے ہوا کے کم دباؤ کے طوفان میں بدلنے کے خدشے کے پیش نظر تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریاست کے 15 اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں۔
نرمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سِرسِلہ، جیا شنکر بھوپال پلی، مُلُوگو، محبوب آباد، ورنگل، وقار آباد، سنگاریڈی، میدک، کاما ریڈی، محبوب نگر، ناگر کرنول اور ونپرتی میں بعض مقامات پر 10 سے 20 سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ ان اضلاع کے لیے "اورینج الرٹ” جاری کر دیا گیا ہے۔
اسی طرح عادل آباد، آصف آباد، منچریال، کریم نگر، پداپلی، بھدرادری کُتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، سِدّی پیٹ، یادادری بھونگیر، رنگا ریڈی، حیدرآباد، میڈچل ملکاجگری، نارائن پیٹ اور گدوال میں بھی بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی چلے گا، جن کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔