حیدرآباد میں رات دیر گئے تک شدید بارش کی پیش قیاسی – غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ

محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں جمعہ کی رات دیر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حیدرآباد شہر میں جمعرات کی سہ پہر اچانک شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آگئیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خاص طور پر سکندرآباد، چلكلگوڑہ، بیگم پیٹ، الوال، ترو ملگیری، بولارم، بوئن پلی، مارےڈپلی، تارناکا، عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس، لالاپیٹ، حبشی گوڑہ، اپل، ناچارم، ناگارم، مللاپور، مشیرآباد، آر ٹی سی کراس روڈ، اشوک نگر، گاندھی نگر، کواڑی گوڑہ، بھولک پور اور چکڑپلی کے علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب پرانے شہر اور مضافاتی علاقوں جیسے ملک پیٹ، کوٹھی، بیگم بازار، نامپلی، لکڑی کا پل، خیریت آباد، پنجہ گٹہ، عابڈز، بورابنڈہ، کوکٹ پلی، پرگتی نگر، جوبلی ہلز، منی کونڈہ، راجندر نگر، عطا پور، گنڈی پیٹ، نرسنگی اور ابراہیم پٹنم میں بھی موسلادھار بارش سے سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔
متعدد مقامات پر برساتی پانی جمع ہونے سے گاڑی سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اپل کے علاقے میں سڑک پر پانی کے بہاؤ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگیا۔ اپل اسٹیڈیم سے حبشی گوڑہ تک شدید ٹریفک جام دیکھا گیا۔ یوسف گوڑہ اور کرشنا نگر میں کئی مقامات پر گٹروں کے ڈھکن کھلنے سے حادثات کا خدشہ پیدا ہوگیا، جبکہ ناچارم کے بھوانی نگر میں پانی گھٹنوں تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں رات دیر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔