حیدرآباد میں شدید بارش – 30 افراد پانی میں پھنس گئے

حیدرآباد کے رسول پورہ علاقے کے پائیگا کالونی، ویمان نگر میں شدید بارش کے سبب علاقہ جل تھل ہو گیا۔ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ اس دوران ایک مشہور کار شو روم میں تقریباً چار فٹ تک پانی داخل ہو گیا، جس سے وہاں کام کرنے والے تقریباً 30 ورکرس اور اسٹاف ممبران اندر ہی پھنس گئے۔
متاثرہ افراد نے موبائل فون کے ذریعے مدد کی اپیل کی، جس پر جی ایچ ایم سی اور فائر بریگیڈ ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ امدادی اہلکاروں نے پانی میں پھنسے افراد کو باہر نکالا ۔
شہر کے دیگر علاقوں جیسے بیگم پیٹ، سکندرآباد، بوئن پلی اور مشیرباد میں بھی بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔ جی ایچ ایم سی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، خاص کر نچلے علاقوں میں رہنے والے افراد چوکس رہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ہنگامی ٹیموں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق شو روم میں موجود کئی قیمتی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پائگا کالونی کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ہر بارش میں علاقہ پانی میں ڈوب جاتا ہے، لیکن اس مرتبہ صورت حال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔ مقامی عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کی صورتحال نہ پیدا ہو۔