حیدرآباد میں موسلا دھار بارش، سڑکیں ندیوں اور نالوں میں تبدیل۔ گاڑیاں بہہ گئیں

حیدرآباد: حیدرآباد میں شدید بارش نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ آج سہ پہر کے بعد سے بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک موسلا دھار بارش ہوتی رہی جس کے باعث کئی علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں اور ٹریفک کے بہاو میں شدید خلل پڑا۔پیر کی دوپہر کے بعد اچانک بارش شروع ہوئی جس نے ایل بی نگر، ونستھلی پورم،
حیات نگر، عبداللہ پورمیٹ، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، فلم نگر، پنجہ گٹہ سمیت کئی علاقوں کو اپنی زد میں لے لیا۔ خیریت آباد، ایس آر نگر، امیرپیٹ، ایراگڈہ، بورابنڈہ، مشیر آباد، صنعت نگر، یوسف گوڑہ، سری کرشنا نگر میں بھی شدید بارش ہوئی جب کہ پنجہ گٹہ اور سری کرشنا نگر میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ پرانے شہر میں بارش کی اتنی ہی شدت دیکھی گئی۔ بالا نگر، قطب اللہ پور، بنڈلہ گوڑہ جاگیر، جگت گیری گٹہ، چنتل، جیڈی میٹلہ،
گاجولارامارم، رائے درگم، مادھا پور، کوکٹ پلی، موسیٰ پیٹ، جے این ٹی یو، نظام پیٹ، کے پی ایچ بی کے اطراف کے علاقوں میں بھی بارش نے شدت اختیار کی۔کاروان، ٹولی چوکی، لنگر حوض، ضیاءگوڑہ، مہدی پٹنم، باغ لنگم پلی، کوواڑی گوڑہ، چکڑ پلی، ودیا نگر، رام نگر، اڈیک میٹ، بھولکپور، عنبر پیٹ، کاچی گوڑہ، برکت پورہ، کرمن گھاٹ، چمپا پیٹ، سعید آباد، سنتوش نگر سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔شدید بارش کے باعث سڑکیں
ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ عنبر پیٹ اور سری کرشنا نگر میں سڑکیں مکمل طور پر زیرِ آب آ گئیں جس سے گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے گاڑیاں سست روی کا شکار ہو گئیں۔راج بھون روڈ پر تو گھٹنوں تک پانی کھڑا ہو گیس جس سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ امیر پیٹ میں بھی گاڑی سواروں کو گھٹنوں تک پانی سے گزرنا پڑا۔پنجہ گٹہ، خیریت آباد، امیر پیٹ میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔کاروان میں شدید بارش کے باعث بجلی کی فراہمی میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی۔ایس آر نگر اور مائتری ونم علاقوں میں راستوں پر شدید ٹریفک جام دیکھا گیا جب کہ ونستھلی پورم کے پرشانت نگر میں بھی
گھٹنوں تک پانی جمع ہو گیا۔ سوماجی گوڑہ چوراہے پر گاڑیوں کی آمد و رفت تقریباً بند ہو گئی۔ اسی طرح بارش کے دوران بنجارہ ہلز علاقہ میں گاڑیاں بہہ گئی جن کے ویڈیوس سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک شہر کے بعض علاقوں میں دھواں دھار اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری تھا۔