تلنگانہ

تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع میں بارش کی تباہی – کئی مکانات میں پانی ؛ کاریں بہہ گئیں ؛ 10 مزدور پھنس گئے

کاماریڈی سے اہم اے ماجد کی رپورٹ

تلنگانہ میں منگل کی رات سے چہارشنبہ کی صبح جاری مسلسل بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہو کر رھ گئی ۔خاص طور پر ضلع کاماریڈی میں بارش کی کافی تباہی دیکھی گئی ۔

 

ضلع کاماریڈی میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ نشیبی علاقے جھیلوں اور تالابوں کی شکل اختیار کر گئے ہیں، کئی گھروں میں پانی داخل ہو چکا ہے اور عوام خوف کے عالم میں ہیں۔بوگّوگڈیسے واگو پر پل کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے ایک بڑے حادثے نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔

 

تعمیراتی کام میں مصروف 10 مزدور اچانک بڑھتے ہوئے سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ اطلاع کے مطابق وہ جان بچانے کے لیے ایک واٹر ٹینکر پر چڑھ گئے اور ریسکیو ٹیموں کا انتظار کر رہے ہیں۔شدید بارش نے ضلع بھر میں بدترین حالات پیدا کر دیے۔ صرف تین گھنٹوں میں 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے بارش کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

 

حیدرآباد۔ نظام آباد نیشنل ہائی وے پانی میں ڈوب جانے سے بند ہو گیا جبکہ کاماریڈی۔ نظام آباد ریلوے ٹریک بہہ جانے کے سبب ٹرین خدمات بھی متاثر ہوئیں۔ متعدد سڑکیں تباہ ہو گئیں اور ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔کاماریڈی ہاؤسنگ بورڈ کالونی میں بارش کے پانی کے تیز بہاؤ کے سبب کئی گاڑیاں بہہ گئیں جس سے مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور باہر نکلنے سے قاصر ہیں۔۔کاماریڈی ضلع ایجوکیشن آفیسر راجو نے اعلان کیا ہے کہ حالات کو دیکھتے ہوئے کل جمعرات کو تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل دی جائے گی تاکہ طلبہ کی جان و مال کو کسی بھی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے

متعلقہ خبریں

Back to top button