حمایت ساگر کا گیٹ کھول دیا گیا – حیدراباد سمیت کئی اضلاع میں آیندہ چار دن تک بارش

حیدرآباد اور مضافاتی اضلاع میں جمعرات کو شدید بارش ہوئی جس سے شہر میں نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور گاڑیاں کئی مقامات پر پھنس گئیں۔
شدید بارش کے باعث حیدرآباد کے قریب واقع حمیات ساگر لبریز ہوگیا اور مکمل گنجائش کے قریب پہنچ گیا۔ جھیل کی مکمل گنجائش 1763.50 فٹ ہے جبکہ پانی کی سطح 1762.70 فٹ تک پہنچ گئی۔ اس وقت جھیل میں 2.73 ٹی ایم سی فٹ پانی موجود ہے اور ایک ہزار کیوسیک پانی آ رہا ہے جبکہ 339 کیوسیک پانی دریائے موسی میں چھوڑا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے جھیل کا ایک گیٹ کھول کر پانی خارج کیا اور موسی کنارے بسنے والے عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ جمعرات رات 11 بجے تک سب سے زیادہ بارش یادرادری ضلع کے آتمکور میں 15.4 سینٹی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
نلگنڈہ ضلع کے شالی گوڑم میں 14.1 سینٹی میٹر اور شیرلنگم پلی کے تحت خواجہ گوڑہ میں 13.3 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں مزید چار دن تک بھاری بارش کا امکان ہے جبکہ حیدرآباد میں جمعہ کو ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے
۔