ہولی تہوار کے پیش نظر تلنگانہ انٹر امتحانات کے شیڈول میں معمولی تبدیلی

تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے شیڈول میں معمولی تبدیلی عمل میں آئی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 3 مارچ کو منعقد ہونے والے انٹر سیکنڈ ایئر کے میتھس 2A، بوٹنی اور پولیٹیکل سائنس کے امتحانات اب ایک دن ملتوی کرکے 4 مارچ کو منعقد کئے جائیں گے۔
بورڈ کے مطابق 3 مارچ کو ریاست بھر میں ہولی کا تہوار منایا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر طلبہ، والدین اور امتحانی عملے کو پیش آنے والی ممکنہ دشواریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ امتحانات کے اوقات، امتحانی مراکز اور دیگر ہدایات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور تمام امتحانات سابقہ ضوابط کے مطابق ہی ہوں گے۔
بورڈ نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھیں اور کسی بھی تازہ اطلاع یا وضاحت کے لیے بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ اور نوٹسز پر نظر رکھیں۔ دیگر تمام مضامین کے امتحانات مقررہ تاریخوں کے مطابق ہی منعقد کئے جائیں گے۔



