تلنگانہ کے حضورآباد میں بوڑھی ماں پر بیٹے کا ظلم – پنشن کی رقم کے لئے روزانہ ہراسانی، خاتون پولیس اسٹیشن پہنچی
کریم نگر ضلع کے حضورآباد میں افسوناک واقعہ – بوڑھی ماں کو اپنے ہی بیٹے کی ہراسانی، پنشن رقم کے لیے روزانہ ظلم و زیادتی
تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے حضورآباد منڈل کے پدا پاپیّا پلی گاؤں میں ایک دل سوز واقعہ پیش آیا جہاں ایک ضعیف خاتون نے اپنے ہی بیٹے کی زیادتیوں سے تنگ آکر پولیس اسٹیشن کا رخ کیا۔ اطلاعات کے مطابق عظمت بی نامی معمر خاتون نے الزام لگایا کہ ان کا بیٹا روزانہ اُن سے پنشن کی رقم مانگتا ہے اور نہ دینے پر اُنہیں گالیاں دے کر ہراساں کرتا ہے۔
عظمت بی کے شوہر سرکاری ملازم تھے جن کے انتقال کے بعد انہیں فیملی پنشن ملتی ہے۔ وہ اس رقم سے اپنے علاج اور روزمرہ کی ضروریات پوری کرتی ہیں اور اس وقت اپنی بیٹی کے ساتھ مقیم ہیں۔ تاہم اُن کا بیٹا عظمت خان ہر روز شراب پی کر آتا ہے اور پنشن کی رقم کے لئے ماں پر دباؤ ڈالتا ہے۔
بوڑھی ماں نے آبدیدہ ہوکر پولیس کو بتایا کہ ’’میرے پاس دوائیوں کے لئے بھی پیسے نہیں، لیکن میرا بیٹا روز آکر مجھ پر ظلم کرتا ہے‘‘۔ بے بس خاتون نے پولیس سے اپیل کی کہ اُن کے بیٹے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ان کی پنشن محفوظ رہے۔
پولیس نے شکایت درج کرلی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



