توہین عدالت کے کیس میں حیدرا کے کمشنر رنگاناتھ پہنچے ہائی کورٹ – معافی بھی مانگی

حیدرآباد کے بتکماں کنٹہ کی خانگی اراضی معاملے میں دئے گئے حکم التوا کی مبینہ خلاف ورزی پر دائر توہینِ عدالت پٹیشن کے سلسلے میں حیدرا کے کمشنر رنگاناتھ جمعہ کو تلنگانہ ہائیکورٹ میں پیش ہو کر غیر مشروط معافی مانگی
۔ اے۔ سدھاکر ریڈی نامی شخص نے ہائیکورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ عدالت نے 12 جون کو متعلقہ زمین پر جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کا حکم دیا تھا، لیکن اس کی خلاف ورزی کی گئی۔ہائیکورٹ نے 31 اکتوبر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ 27 نومبر کو شخصی طور پر حاضر ہوکر وضاحت دیں۔
تاہم کمشنر نے باچوپلی میں سرکاری مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست داخل کی تھی، جسے عدالت نے قبول نہیں کیا۔جسٹس موسمی بھٹٹا آچاریہ اور جسٹس بی آر مدھوسودھن راؤ پر مشتمل بنچ نے آج معاملے کی سماعت کی اور کمشنر کی معذرت کو ریکارڈ پر لے لیا، جبکہ مزید کارروائی سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔



