حیدرآباد میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، سکندرآباد میں AQI 240 ریکارڈ
حیدرآباد میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی، سکندرآباد میں AQI 240 ریکارڈ
حیدرآباد _ 24 جنوری (اردولیکس) حیدرآباد شہر میں فضائی آلودگی ایک بار پھر تشویشناک رخ اختیار کر گئی ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے ہوا کے معیار میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ ہفتہ کی علی الصبح سکندرآباد کے حدود میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 240 تک پہنچ گیا، جو صحت کے لئے مضر (Unhealthy) سطح میں شمار ہوتا ہے۔
عام حالات میں دو ہندسوں میں رہنے والا یہ اشاریہ سردیوں کی دھند اور آلودگی کے مختلف عوامل کے باعث غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے۔ حکام کے مطابق شہر میں بڑھتی ہوئی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں، تعمیراتی سرگرمیوں کے سبب فضا میں شامل ہونے والی گرد و غبار، اور کھلے مقامات پر کچرا جلانا فضائی آلودگی میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں
۔ اس کے علاوہ سردیوں میں چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں اور دھند آلودگی کے ذرات کو زمین کے قریب روک لیتی ہیں، جس سے ہوا کا معیار مزید متاثر ہو رہا ہے۔
تاہم اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے مقابلے میں شہر کے بعض علاقوں میں ہوا کے معیار میں معمولی بہتری بھی درج کی گئی ہے۔
فضائی آلودگی میں اضافہ کے پیش نظر ماہر ڈاکٹروں نے شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر سانس کی بیماریوں، دمہ، سائنوسائٹس اور الرجی کے مریضوں کو باہر نکلتے وقت لازمی طور پر ماسک پہننے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ کمسن بچے اور بزرگ افراد علی الصبح اور رات کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور حتیٰ الامکان کھلی جگہوں پر ورزش کو محدود رکھیں۔



