خوابوں میں موت کی پکار سن کر بینک ملازم نے تالاب میں چھلانگ لگا کر کرلی خودکشی – حیدرآباد میں عجیب و غریب واقعہ

خوابوں میں موت کی پکار سن کر بینک ملازم نے تالاب میں چھلانگ لگائی، بیوی بھی کود گئی – کمسن بیٹے کی فریاد نے سب کو رُلا دیا
حیدرآباد میں پیش آئے اپنی نوعیت کے ایک منفرد واقعہ میں 36 سالہ سوریندر، جو حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی میں ایک خانگی بینک میں ملازمت کرتا تھا، اپنے خوابوں اور وہم و گمان سے اتنا پریشان ہوا کہ تالاب میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی ختم کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ہنمکنڈہ کے رام نگر سے تعلق رکھنے والا سریندر حیدراباد کے رامنتاپور میں بیوی اور بچے کے ساتھ مقیم تھا اور بینک میں ملازمت کرتا تھا گھر والوں نے بتایا کہ گزشتہ 10 دنوں سے سریندر بار بار ڈراؤنے خواب دیکھ رہا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ کوئی طاقت اسے موت کی طرف بلا رہی ہے۔ جس پر گھر والوں نے اسے ملازمت کو چند دنوں تک نہ جانے کا مشورہ دیا اور اسے مختلف مندروں کے درشن بھی کروائے۔
دس دن بعد جمعہ کی صبح وہ ڈیوٹی کا بہانہ کرکے گھر سے نکلا اور بی بی نگر کے بڑے تالاب تک پہنچا۔ وہاں پہنچ کر اپنی بیوی کو آخری پیغامات اور وائس ریکارڈ بھیجتے ہوئے صاف کہہ دیا کہ اس کی موت کا ذمہ دار کوئی نہیں۔ پھر تالاب کنارے جوتے اور موبائل رکھ کر پانی میں چھلانگ لگا دی۔
سریندر کی بیوی رانی یہ خبر سنتے ہی بدحواس ہوگئی اور گھر والوں کے ساتھ پولیس کو لے کر تالاب پہنچ گئی اور شوہر کو تلاش کرنے لگی۔ سریندر کا پتہ نہ ملنے پر وہ بھی تالاب میں کود گئی۔ تاہم پولیس اور ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے بچا لیا۔
اس دوران کمسن بیٹا ماں کے قریب آ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا اور چیخ کر کہا کہ اماں! آپ مت مرو…یہ دلخراش منظر دیکھ کر وہاں موجود ہر شخص کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہفتہ کی صبح سریندر کی نعش تالاب سے برآمد کی۔ اس المناک واقعہ نے نہ صرف خاندان کو بلکہ پورے علاقے کو غم میں ڈوبا دیا ہے۔