حیدرآباد شدید کہر کی لپیٹ میں – ہائی ویز پر ٹریفک جام
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میں جمعہ کی صبح شدید کہر چھا گئی ، جس کے باعث ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔ حیدرآباد–وجے واڑہ اور حیدرآباد–بنگلور قومی شاہراہوں پر گھنی دھند کے سبب گاڑی چلانے والوں کو سخت دشواریوں کا سامنا ہے۔
دھند کے باعث حیدرآباد–بنگلور ہائی وے پر چار لاریوں کے آپس میں ٹکرا جانے کا واقعہ پیش آیا، جس سے ٹریفک جام ہو گیا اور بڑی تعداد میں گاڑیاں سڑک پر پھنس گئیں۔ شمس آباد سے پالماکولا تک تقریباً 10 کلو میٹر کے فاصلے تک ٹریفک ٹھپ رہی۔ اسی طرح آؤٹر رنگ روڈ پر بھی دھند کی وجہ سے آمدورفت متاثر رہی۔
دھند کے سبب حیدرآباد–وجے واڑہ ہائی وے پر گاڑیاں انتہائی سست رفتاری سے چلتی رہیں۔ عبداللہ پورمیٹ–گھٹکیسر بائی پاس روٹ پر دس فٹ کے فاصلے پر موجود گاڑیاں بھی دکھائی نہیں دے رہی تھیں
۔ طلوعِ آفتاب کے بعد بھی دھند کی شدت برقرار رہی، جس پر گاڑی چلانے والوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس قدر گھنی دھند پہلے کبھی نہیں دیکھی۔



