فورم فار فاسٹ جسٹس کی جانب سے حیدراباد میں 19 جولائی کو اہم سیمینار

بر وقت انصاف کے لیے عدالتی اصلاحات ناگزیر: 19 جولائی کو اہم سیمینار کا انعقاد
حیدرآباد، 16 جولائی (نمائندہ خصوصی)
ملک میں عدالتی نظام میں تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل اور فوری انصاف کی ضرورت کو اجاگر کرنے کے لیے 19 جولائی 2025 بروز ہفتہ، ایک اہم سیمینار منعقد کیا جا رہا ہے۔ "بر وقت انصاف کے لیے عدالتی اصلاحات کی فوری ضرورت” کے عنوان سے یہ سیمینار پریس کلب، بشیر باغ، حیدرآباد میں دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔
اس سیمینار کا اہتمام فورم فار فاسٹ جسٹس (ممبئی) اور گریٹر حیدرآباد سوسائٹی فار فاسٹ جسٹس کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عدالتی نظام میں تاخیر کی سنگینی کو اجاگر کرنا اور فوری و منصفانہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات پر سنجیدہ گفتگو کو فروغ دینا ہے۔
سیمینار کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ٹی. اپرنا، پرنسپل، پی جی کالج آف لاء، عثمانیہ یونیورسٹی ہوں گی، جبکہ صدارت ایڈوکیٹ نذیر خان، کنوینر تلنگانہ اسٹیٹ فورم فار فاسٹ جسٹس (TSFFJ) و صدر، گریٹر حیدرآباد سوسائٹی فار فاسٹ جسٹس انجام دیں گے۔
تقریب کے دیگر اہم مقررین میں جناب بھاگوان جی بھائی رائیانی، چیئرمین، فورم فار فاسٹ جسٹس، جناب پروین پٹیل، کنوینر، فورم فار فاسٹ جسٹس، اور جناب اے. جگن، صدر، تلنگانہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن شامل ہیں، جو بطور خصوصی مہمان شرکت کریں گے۔
سیمینار کے کو-کنوینر ایڈوکیٹ سید مجیب الدین نے تمام معزز مہمانوں، وکلا، قانون کے طلباء، سول سوسائٹی کے ارکان اور میڈیا نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے "تاخیر سے دیا گیا انصاف، انصاف نہیں ہوتا” کے نکتہ نظر کو تقویت دیں اور ہر شہری کے لیے بر وقت، برابر اور منصفانہ انصاف کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔