حیدرآباد میں دھواں دھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، ٹریفک میں خلل

حیدرآباد، 21 مئی (نامہ نگار) حیدرآباد میں چہارشنبہ کی سہ پہر سے اچانک موسم نے کروٹ لی اور شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔ بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کا ابتدائی اثر ہے، اور آئندہ دو دنوں تک مزید بارش کا امکان ہے۔ سہ پہر تقریباً تین بجے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کے کئی علاقوں کو جل تھل کردیا۔ خاص طور پر پرانا شہر، ملک پیٹ، سنتوش نگر، بہادرپورہ، ٹولی چوکی، مہدی پٹنم اور بنجارہ ہلز جیسے علاقوں میں سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔
نشیبی علاقوں میں مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات بھی موصول ہوئیں۔ بلدی حکام اور جی ایچ ایم سی کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر نکاسیِ آب کے کاموں میں مصروف رہیں۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی، جب کہ دو پہیہ گاڑی سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے بلدیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں کی صفائی اور بارش سے قبل کے انتظامات کو بہتر بنائیں تاکہ ہر سال اس طرح کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ دوسری طرف، ٹھنڈی ہوا اور بارش سے گرمی کا زور کم ہوگیا، جس سے شہریوں کو کچھ راحت ملی ہے۔