عالمی مقابلہ حسن کیلئے حیدرآباد تیار۔بین الاقوامی حسیناؤں کی آمد کا سلسلہ جاری

عالمی مقابلۂ حسن کے لیے حیدرآباد میں تیاریاں عروج پر، بین الاقوامی حسیناؤں کی آمد کا سلسلہ جاری
حیدرآباد:تاریخی شہر حیدرآباد ان دنوں عالمی سطح کے سب سے بڑے مقابلۂ حسن "مس ورلڈ” کی میزبانی کے لیے روشنیوں میں نہایا ہوا ہے۔ شہر میں جوش و خروش کا ماحول ہے اور دنیا بھر سے حسیناؤں کی آمد نے اس بین الاقوامی ایونٹ کی رونقوں کو دوبالا کر دیا ہے۔
اتوار کے روز مس برازیل جیسیکا اسکینڈزی پیڈروسو کی حیدرآباد آمد پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (شمس آباد) پر ان کا شاندار اور روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ مقامی ثقافتی مظاہروں، موسیقی اور گل پوشی کے ذریعے ان مہمانوں کو خوش آمدید کہا گیا، جس سے تلنگانہ کی مہمان نوازی کی جھلک نمایاں ہوئی۔
اس عالمی تقریب کے ابتدائی مہمانوں میں مس ورلڈ تنظیم کی چیئرپرسن و سی ای او جولیا ایولن مارلی اور مس کینیڈا ایما ڈیانا کیتھرین مورسَن شامل ہیں، جو پہلے ہی شہر میں قیام پذیر ہیں۔ زیادہ تر بین الاقوامی مقابلہ جات میں شریک حسیناؤں کی آمد 6 مئی سے متوقع ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر سیکیورٹی، ٹریفک انتظامات اور استقبالیہ تقریبات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ یہ ایونٹ نہ صرف حسن، ذہانت اور وقار کا مظہر ہو گا بلکہ حیدرآباد کے شاندار تہذیبی ورثے، ثقافتی رنگینیوں اور روایتی مہمان نوازی کو عالمی منظرنامے پر روشناس کروائے گا۔
حیدرآباد ایک بار پھر دنیا کی نگاہوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔