تلنگانہ

حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میں غریبوں کے گھروں پر چلا بلڈوزر – نوجوان نے کی خودسوزی کی کوشش

حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ  پیرزادی گوڑہ میونسپل کارپوریشن کے  6  ڈویژن، سروے نمبر 199 ویکر سیکشن کالونی میں ریونیو عہدیداروں کی جانب سے "غیر قانونی تعمیرات” کے نام پر غریبوں کے مکان ڈھانے کی کارروائی شدید کشیدگی کا باعث بنی۔

 

متاثرین نے الزام لگایا کہ مقامی کانگریس قائدین پرمیش اور کریم نے ان سے 3 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔ غریب گھرانے، جو آٹو رکشہ چلا کر اور مزدوری کرکے گزر بسر کر رہے ہیں، نے کہا کہ ہمارے پاس اتنی استطاعت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 25 برسوں سے یہیں رہ رہے ہیں اور یہی چھوٹا سا مکان ہماری زندگی کا واحد سہارا ہے۔

 

متاثرہ خاندانوں نے بتایا کہ رقم نہ دینے پر ہمارے خلاف جھوٹی شکایات درج کرائی گئیں اور میڈپلی منڈل ریونیو عہدیداروں کو بلاکر بلڈوزر سے گھر توڑنے کی کوشش کی گئی۔ اس کارروائی کے دوران ایک نوجوان نے احتجاجاً پٹرول چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی اور کہا کہ "اگر ہمارا گھر توڑا گیا تو ہم مر جائیں گے۔”

 

متاثرین نے الزام لگایا کہ حکومت اور کانگریس قائدین صرف غریبوں پر ہی اپنی طاقت آزما رہے ہیں اور انہوں نے اعلیٰ حکام سے انصاف دلانے کی اپیل کی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button