حیدرآباد میں ایک ہی دن تین مختلف کالجوں میں 3 طلبہ کی خودکشی — والدین میں تشویش ، طلبہ تنظیموں کا احتجاج
ایک ہی دن تین مختلف کالجوں میں تین طلبہ کی خودکشی — والدین میں کہرام، طلبہ تنظیموں کا احتجاج
حیدرآباد -2 دسمبر ( اردولیکس) حیدرآباد شہر میں پیش آئے افسوناک واقعہ میں ایک ہی دن تین مختلف کالجوں میں تین طلبہ نے خودکشی کر لی۔ شہر کے مضافاتی علاقہ باچوپلی کے سری چیتنیا جونیئر کالج کی 16 سالہ طالبہ ورشا، نظام پیٹ کے پرگتی جونیئر کالج کے 18 سالہ طلبہ منجوناتھ اور عثمانیہ یونیورسٹی انجینئرنگ کالج کے ایک طالب علم نے خودکشی کرتے ہوئے اپنی جان دے دی۔
لگاتار واقعات سے والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ہر گھر میں کہرام مچ گیا۔ تینوں نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے گاندھی ہاسپٹل روانہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ورشا کی خودکشی کے بعد باچوپلی چیتنیا کالج کے سامنے طلبہ تنظیموں نے شدید احتجاج کیا، جہاں کالج انتظامیہ کے ساتھ بحث و تکرار بھی ہوئی۔ احتجاجی طلبہ کا الزام ہے کہ تعلیمی دباؤ اور انتظامیہ کی پالیسیوں کے باعث طلبہ ذہنی تناؤ کا شکار ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پولیس نے تینوں واقعات کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ طلبہ تنظیموں نے حکومت سے سخت اقدامات اور کالجوں پر نگرانی مضبوط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



