بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار پر تمام مجسمے گاندھی بھون بھیج دیئے جائیں گے: کے کویتا

کانگریس تلی کے مجسمے نصب کرنے کی سازشیں قابل مذمت
عوام دشمن فیصلوں کو بے نقاب کیا جائے گا
بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار پر تمام مجسمے گاندھی بھون بھیج دیئے جائیں گے: کے کویتا
صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام نے ہر گاؤں اور شہر میں اپنے خرچ سے تلنگانہ تلی کے مجسمے نصب کئے تھے لیکن موجودہ آمرانہ حکومت اب ان مجسموں کی جگہ "کانگریس تلی” کے مجسمے زبردستی نصب کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی شناخت اور تشخص کی علامت بتکماں کو تلنگانہ تلی سے الگ کرتے ہوئے حکومت نے تمام اضلاع میں احاطہ کلکٹریٹ میں "کانگریس تلی” کے مجسمے نصب کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے اور اس کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔
کے کویتا نے واضح کیا کہ محض اقتدار کے نشے میں عوام کی خواہشات اور احساسات کے خلاف لگائے جانے والے یہ "کانگریس تلی” مجسمے زیادہ دن قائم نہیں رہیں گے۔ عوام دشمن فیصلوں کو عوامی میدان میں بے نقاب کیا جائے گا۔انہوں نے پر اعتماد لہجہ میں کہا کہ آنے والے دنوں میں بی آر ایس اقتدار میں آئے گی اور ان "کانگریس تلی” مجسموں کو پوری عزت و احترام کے ساتھ گاندھی بھون واپس بھیج دیا جائے گا۔