تلنگانہ۔انٹرمیڈیٹ اور دسویں جماعت کے طلباء کیلئے اہم اطلاع

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کے مطابق ریاست میں انٹر اور دسویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو امتحان شروع ہونے کے بعد پانچ منٹ تک بھی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
امتحانات کے انعقاد کے سلسلے میں منگل کے روز چیف سکریٹری کے. رام کرشنا راؤ نے ریاست کے ضلع کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس ویڈیو کانفرنس میں محکمہ تعلیم کی سکریٹری یوگیتا رانا، انٹر بورڈ کے سکریٹری کرشنا آدتیہ اور اسکولی تعلیم کے ڈائریکٹر نوین نکولس نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے کہا کہ آج یعنی چہارشنبہ سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اور 14 مارچ سے دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہو رہے ہیں لہٰذا ان امتحانات کو کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کے بغیر سختی اور شفافیت کے ساتھ منعقد کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ہر امتحانی مرکز پر سخت پولیس بندوبست کیا جائے اور ماضی میں متنازع رہے امتحانی مراکز پر خصوصی توجہ دی جائے۔
ہر مرکز پر بنیادی سہولیات جیسے پینے کا پانی، برقی اور ٹوائلٹ کی سہولت فراہم کی جائے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں۔ ہر مرکز میں ایک اے این ایم اور فرسٹ ایڈ کٹ بھی موجود ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی طالب علم زمین پر بیٹھ کر امتحان نہ دے اس کے لیے تمام مراکز پر بینچوں کا انتظام کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد میں پولیس، ریونیو اور دیگر محکموں کے افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔
محکمہ تعلیمات کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ سٹنگ اسکواڈ اور فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیے جائیں۔ریاستی محکمہ تعلیم کی سکریٹری یوگیتا رانا نے بتایا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف چیف سپرنٹنڈنٹ کو ہنگامی حالات میں استعمال کے لیے موبائل فون رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر مرکز پر پہلی مرتبہ کلاک روم قائم کیے جا رہے ہیں۔ ہر سوالیہ پرچہ پر خصوصی کیو آر کوڈ اور سیریل نمبر ہوگا اور امتحان شروع ہونے سے صرف 15 منٹ قبل ہی سوالیہ پرچوں کو کھولا جائے گا۔ اس مرتبہ پہلی بار طلبہ کے ہال ٹکٹ واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے جا رہے ہیں اور ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ریاستی حکومت کے باوقار منصوبے ینگ انڈیا انٹیگریٹڈ اسکولز کی تعمیر کے معاملے میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کلکٹرس کو دی گئی ہے۔



