تلنگانہ

بی جے پی کی پالیسیوں کے باعث بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع : رکن کونسل کویتا

بی جے پی کی پالیسیوں کے باعث بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع

آپریشن کگار کے نام پر مظالم,

نعشوں کی تک اہل خانہ کو عدم حوالگی سے غیر انسانی ذہنیت آ شکار

کانگریس حکومت دلت مخالف

عوام فرقہ وارانہ سیاست کو مسترد کر دیں۔ منچریال میں صحافی منیر مرحوم کے اہل خانہ کو پرسہ۔

کے کویتا کا میڈیا کے نمائندوں سے خطاب

 

رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے سینئر صحافی منیر (مرحوم) کے مکان واقع منچریال پہنچکر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارِ کیا۔

 

واضح رہے کہ صحافی منیر کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ دریں اثنا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے موجودہ سیاسی حالات پر اظہارِ خیال کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ’’آپریشن کگار‘‘ کے نام پر مظالم کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حالیہ دنوں میں ماؤوادی پارٹی کے جنرل سکریٹری این کیشو راؤ کے انکاؤنٹر کے بعد بھی بی جے پی حکومت نے انسانی ہمدردی کا کوئی مظاہرہ نہیں کیا۔ نہ تو ان کی نعش کوان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا گیا اور نہ ہی آخری رسومات کے لئے مناسب سہولیات فراہم کی گئیں،

 

اس سے بی جے پی کی غیر انسانی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ کویتا نے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیوں کے باعث بے گناہ اور معصوم شہریوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’’آپریشن کگار‘‘ کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی ایسے ظالمانہ اقدامات کی سخت مذمت کرتی ہے اور عوام کے حقوق کے لئے ہمیشہ آواز اٹھاتی رہے گی

 

۔ بی آر ایس لیڈر نے ریاستی کانگریس حکومت پر دلت برادری کے ساتھ امتیازی رویہ کا الزام عائد کیا۔انہوں نے بتایا کہ سرسوتی ندی کے حالیہ پشکرالو کے موقع پر دلت طبقے کو نظر انداز کرنے سےریاستی حکومت کی دلت مخالف سوچ بے نقاب ہوتی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے یادگیری گٹہ کے دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعلیٰ ملو بھٹی وکرامارکا، جو دلت طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کو جان بوجھ کر اسٹیج پر نچلی نشست پر بٹھایا گیا، جب کہ وزیراعلیٰ اور ان کے اہلِ خانہ اونچی نشستوں پر براجمان تھے۔

 

یہ عمل صرف ایک فرد کی نہیں، بلکہ پوری برادری کی توہین ہے۔کویتا نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی ایسی پالیسیاں اپنا رہی ہیں جو ایک ترقی پسند اور مساوات پر مبنی سماج کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذات پات اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر کی جانے والی سیاست کو مسترد کردیں اور ایک ہم آہنگ، خوشحال تلنگانہ کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button