کریم نگر میں جماعت اسلامی کی جانب سے بین المذاہب عید میلاپ پروگرام کا انعقاد

کریم نگر میں جماعت اسلامی کی جانب سے ایک بین المذاہب عید میلاپ پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس کا مقصد مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارگی اور اُخوت کو فروغ دینا تھا۔
ناظم جماعت اسلامی ضلع کریم نگر صہیب احمد خاں نے اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام اور محبت میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن، محبت اور انسان دوستی کا علمبردار ہے اور جماعت اسلامی اسی پیغام کو عام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ضلع کریم نگر بلا لحاظ مذہب و ملت عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور بلا سود مالیاتی سوسائٹیاں اور رحمان کلینک چلا رہی ہے، جن سے سینکڑوں افراد استفادہ کر رہے ہیں۔
عید میلاپ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی پی آر ٹی یو قائد این لکشمہ ریڈی، سابق ناظم ضلع محمد خیر الدین، پوجاری پی چانکیہ، عیسائی نمائندے پاسٹر جیہ راجو، جئے پال ریڈی، کارپوریٹر محمد فیروز اور محمد عارف عرفان نے جماعت اسلامی کی اس کاوش کو سراہا اور ذمہ داران کو مبارکباد پیش کی
پروگرام کی کارروائی بہ زبان تلگو جماعت اسلامی کے سیکریٹری رابطہ عامہ عبدالموعید حامد نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔ جلسے کا آغاز جامعہ اسلامیہ کریم نگر کے طالب علم کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جبکہ آخر میں معاون ناظم ضلع عزیز محمد نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اختتام پر حاضرین کی شیر خرما اور سویّوں سے تواضع کی گئی، جس میں اساتذہ، لکچررز اور دیگر معزز شہریوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔