کریم نگر کمشنر پولیس غوث عالم پر غلط الزامات کا معاملہ: آئی پی ایس اسوسی ایشن کی مذمت، رکن اسمبلی کوشک ریڈی کی معافی
تلنگانہ آئی پی ایس آفیسرس اسوسی ایشن نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کوشک ریڈی کی جانب سے کریم نگر کے پولیس کمشنر غوث عالم پر عائد کیے گئے مذہبی نوعیت کے الزامات کی سخت مذمت کی ہے۔ اسوسی ایشن نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی میں ایمانداری سے کام کرنے والے عہدیدار پر شخصی اور مذہبی بنیادوں پر حملہ نہایت افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے
۔ اسوسی ایشن کے مطابق کمشنر پر تبدیلیٔ مذہب سے متعلق الزامات کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں ہے اور اس طرح کے بیانات سے سول سروس افسران کا حوصلہ متاثر ہوتا ہے۔ اسوسی ایشن نے رکن اسمبلی کے رویے کی جانچ اور ان سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
ادھر اسوسی ایشن کے مطالبے پر کوشک ریڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو کے ذریعے معافی مانگ لی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے بیانات کسی کو دانستہ نشانہ بنانے کے لیے نہیں تھے اور اگر ان کے الفاظ سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو وہ معذرت خواہ ہیں۔
کوشک ریڈی نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی پشت پناہی میں ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمکّا سارلماں جاترا کے دوران دباؤ اور ذہنی تناؤ کے باعث ان سے غیر ارادی طور پر سخت الفاظ ادا ہو گئے۔
رکن اسمبلی نے واضح کیا کہ ان کے بیانات جان بوجھ کر نہیں تھے اور اس معاملے کو یہیں ختم کرنے کی اپیل کی، ساتھ ہی غلط تشہیر کے الزامات بھی عائد کیے۔



