ایران کے میزائل حملوں میں تلنگانہ کا نوجوان زخمی — ڈاکٹروں نے طویل آپریشن کر کے بچائی جان

ایران کے میزائل حملوں میں بھارتی شہری زخمی، طویل سرجری کے بعد حالت مستحکم
اسرائیل پر ایران کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے باعث پیر کے روز کئی مرتبہ خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ ان حملوں میں ایک شخص ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ اسی دوران ایران کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کے ٹکڑے لگنے سے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے کمر پلی سے تعلق رکھنے والا ایک بھارتی شہری تروپتی بھی زخمی ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق میزائل کا شراپنل اس کی گردن میں پیوست ہو گیا تھا جس کے بعد اسے فوری طور پر تل ابیب کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کے لیے طویل سرجری کی۔
ہاسپٹل کے ترجمان کے مطابق زخمی شخص کو انتہائی نازک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، تاہم طبی ٹیم کی مسلسل کوششوں کے بعد آپریشن کامیاب رہا اور اب اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
ادھر تل ابیب میں موجود بھارتی سفارت خانے کے عہدیداروں نے اسپتال پہنچ کر زخمی شہری کی عیادت کی اور اس کی صحت کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔



