کانگریس امیدوار کا کالر پکڑنے کے الزام پر تنازعہ، سنگاریڈی میں جگا ریڈی کا پولیس کو کھلا چیلنج
تلنگانہ کے سنگاریڈی بلدیہ میں پولس اور کانگریس قائد و سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی کے درمیان شدید تکرار پیش آئی۔ 34ویں وارڈ میں مبینہ طور پر کانگریس امیدوار کو روکنے اور سیرکل انسپکٹر کی جانب سے کالر پکڑنے کے واقعہ پر تنازعہ شروع ہوا، جس پر کانگریس کارکنوں نے سی آئی کے رویّے پر سخت احتجاج کیا۔
اطلاع ملتے ہی جگا ریڈی پولنگ مرکز پہنچے اور پولنگ رکوانے کی وارننگ دیتے ہوئے بوتھ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، جس کے باعث کشیدہ ماحول پیدا ہوگیا۔ اس دوران پولس اور جگا ریڈی کے درمیان سخت نوک جھونک ہوئی، جبکہ پولس انہیں سمجھانے کی کوشش کرتی رہی۔
جگا ریڈی نے پولس پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیدوار پر رِگنگ کا الزام لگا کر سی آئی شیوکمار نے امیدوار کا کالر پکڑا۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ اگر سنگاریڈی میں آج لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو اس کے ذمہ دار سی آئی اور ہوم گارڈ ہوں گے، اور پولس کو چیلنج کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔



