تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے دفتر ٹی جی پی ایس سی کے روبرو شدید احتجاج

تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے دفتر ٹی جی پی ایس سی کے روبرو شدید احتجاج
گروپ 1 امیدواروں کو انصاف کی فراہمی اور جاب کیلنڈر کی اجرائی کا مطالبہ
پولیس لاٹھی چارج میں متعدد قائدین زخمی۔کئی لیڈرس اور کارکن گرفتار
گروپ 1 امیدواروں کو انصاف کی فراہمی اور جاب کیلنڈر کا اعلان کرنے کے مطالبہ پرتلنگانہ جاگروتی کے قائدین نے نامپلی میں واقع ٹی جی پی ایس سی کے دفتر کا گھیراؤ کیا۔ منگل کو تقریباً 400 کے قریب جاگروتی کے کارکن اور رہنما دو حصوں میں ٹی جی پی ایس سی کے دفتر پہنچے اور مرکزی گیٹ کے سامنے احتجاج کیا۔
احتجاجیوں نےحکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔جاگروتی کارکنان نے کہا کہ کانگریس حکومت نے متعدد خامیوں کے ساتھ گروپ – 1 امتحانات منعقد کروائے، جس کا ذکر ریاستی ہائی کورٹ نے بھی کیا ہے۔ جی او نمبر 29 سے لے کر پریلمینری امتحان کا انعقاد، نتائج کا اعلان، مین امتحانات کا انعقاد اور نتائج کی اجرائی– ہر مرحلے میں حکومت کی ناکامی واضح نظر آئی ہے۔ جاگروتی لیڈرس نےکہا کہ حکومت کی کارروائیاں بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی پر مبنی ہیں۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت کے بعض عناصر گروپ 1 کی آسامیوں کو فروخت کرنے کی سازش میں شامل ہیں۔ احتجاجیوں نےمطالبہ کیا کہ حکومت جبر سے باز رہے اور بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کر ے اور ان کی خواہشات کے مطابق اقدامات کرے۔تلنگانہ جاگروتی کے رہنماوں نے حکومت پرشدید تنقید کی اور کہا کہ کانگریس نے انتخابات میں کامیابی پرپہلے سال دو لاکھ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو مایوس کردیا ۔
اسمبلی میں جعلی اور بے بنیاد جاب کیلنڈر کا اعلان کر کے بری الذمہ ہونے کی کوشش کی۔ حکومت نے آج تک ایک بھی نئی بھرتی کے لئے اعلامیہ جاری نہیں کیا۔ جاگروتی قائدین نے فوری طور پر جاب کیلنڈر کا اعلان کر کے اس کے مطابق ملازمتیں دینے کا مطالبہ کیا۔
ٹی جی پی ایس سی کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے والے تلنگانہ جاگروتی کے رہنماوں کو پولیس نے گرفتار کر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں منتقل کیا۔ ٹی جی پی ایس سی کے گِیٹ پر چڑھنے کی کوشش کرنے والے رہنماؤں کو پولیس نے لاٹھیوں سے پیٹا۔ گرفتاری کے دوران کئی جاگروتی رہنما زخمی بھی ہوئے۔ گرفتار کئے گئے رہنماوں کو نامپلی، عابڈس، گاندھی نگراور افضل گنج پولیس اسٹیشنس منتقل کیا گیا۔



