دفتر تلنگانہ جاگروتی میں یوم انضمام کا اہتمام۔ کویتا نے قومی پرچم لہرایا عظیم مجاہد آزادی محمد خواجہ معین الدین کو خصوصی اعزاز

دفتر تلنگانہ جاگروتی میں یوم انضمام کا اہتمام۔ کویتا نے قومی پرچم لہرایا
عظیم مجاہد آزادی محمد خواجہ معین الدین کو خصوصی اعزاز کی پیشکشی
تاریخ کو توڑ موڑ کر پیش کرنے پر بی جے پی پر شدید تنقید
جھوٹے وعدے کرنے والی کانگریس کا تعاقب کیا جائے گا
تاریخ کے تحفظ اور وفاقی جذبہ کے فروغ کے لئے جدوجہد کا عزم
دفتر تلنگانہ جاگروتی واقع بنجارہ ہلز میں یوم انضمام کے موقع پر کلواکنٹلہ کویتا نے قومی پرچم لہرا یا اور عظیم مجاہد آزادی محمد خواجہ معین الدین کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا۔
اس موقع پر صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتانے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمام تلنگانہ کے عوام کو یوم انضمام کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔جاگیر داروں اور زمین داروں کی ظلم و زیادتی کے خلاف عوام نے جدوجہد کی اور اپنی زندگیوں کو قربان کرتے ہوئے آزادی کی راہ ہموار کی۔دنیا میں کہیں بھی نہ ملنے والی یہ جدوجہد 1942 میں شروع ہوئی تھی، جس کی گواہی آج بھی روس کی یونیورسٹیوں میں بطور نصاب دی جاتی ہے۔
یہ جدوجہد نہ ہندوؤں کے خلاف تھی اور نہ ہی مسلمانوں کے خلاف تھی بلکہ جاگیر داروں، زمین داروں کیخلاف عوام کی ایک عظیم جنگ تھی۔بدقسمتی سے آج بی جے پی کے رہنما اسے مذہبی رنگ دیتے ہوئے تلنگانہ کی تاریخ کو توڑ مروڑ کر عوام میں نفرت پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مرکز میں بی جے پی حکومت وفاقی جذبہ کے خلاف کام کر رہی ہے۔ یہ تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے جس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔ریاست کی تاریخ کو مسخ کرنے کے اس عمل کا مرکزی حکومت کو فوری نوٹس لینا چاہئے
اور ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو چاہئے کہ وہ مرکز کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس پروپگنڈہ کو روکیں۔ اس جدوجہد کو مذہبی رنگ میں پیش کرنا سراسر نامناسب ہے اور تلنگانہ کے عوام کی قربانیوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ کانگریس کے رہنما بھی اس معاملہ میں غیر ذمہ دار ثابت ہوئے ہیں۔ پی سی سی کے صدر مہیش گوڑکا یہ کہنا ہے کہ "بھارت میں اپنی ریاست کو ہم نے ضم کیا تھا”، سراسر جھوٹ ہے۔
کانگریس کا اس جدوجہد میں کوئی کردار نہیں رہا۔ بھارتی فوج نے آپریشن پولو کے تحت یہاں قدم رکھا اور اس دوران بے شمار ہندو اور مسلم شہری جاں بحق ہوئے۔ تلنگانہ جاگروتی ہمیشہ وفاقی اصولوں کی حفاظت کرے گی اور تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی ہر کوشش کا مقابلہ کرے گی۔
آج ہم فخر کے ساتھ فریڈم فائٹر محمد خواجہ معین الدین کو اعزاز دے رہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی، جائیداد اور سب کچھ قربان کر کے جاگیرداروں کے ظلم کے خلاف جدوجہد کی۔ اس جدوجہد میں ہمارے بزرگ راگھویندرا راؤ نے بھی ان کا ساتھ دیا تھا۔ ایسے قربانی دینے والے رہنما کو خراج تحسین پیش کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ 17 ستمبر کو ہم یوم انضمام سمجھتے ہیں اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب اور ثقافت کا جشن منانے کا دن مانتے ہیں۔
تلنگانہ جاگروتی مذہبی نفرت پھیلانے والی بی جے پی کی کوششوں کا مقابلہ کرے گی اور جھوٹے وعدے کرنے والی کانگریس کو بھی سوالات کے دائرے میں رکھے گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ ہم تلنگانہ کے عوام کے ساتھ مل کر تاریخ کی حفاظت اور وفاقی جذبہ کو فروغ دینےکے لئے کام کرتے رہیں گے۔