چٹنی میں چپکلی نکلنے سے ہنگامہ، تلنگانہ کے جگتیال میں ٹفن سنٹر کے 8 گاہک بیمار
جگتیال: تلنگانہ کے جگتیال شہر کے تحصیل چوراہے پر واقع شیو سائی ٹفن سنٹر میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ٹفن کے ساتھ پیش کی گئی چٹنی میں چپکلی پائی گئی۔ چٹنی استعمال کرنے کے بعد دو کم سن بچوں اور ایک حاملہ خاتون سمیت 8 افراد کو قے، متلی اور بدحالی کی شکایت لاحق ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی متاثرین کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بروقت طبی امداد کے باعث تمام مریض خطرے سے باہر بتائے جا رہے ہیں۔
واقعہ کی خبر پھیلتے ہی مقامی عوام میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی فوڈ سیفٹی حکام اس ٹفن سنٹر کو ناقص صفائی اور لاپرواہی کے باعث سیز کر چکے ہیں، تاہم انتظامیہ کی روش میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوڈ سیفٹی حکام فوری جانچ کریں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوامی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کو کڑی سزا دی جائے۔



