تلنگانہ کے جگتیال کے شخص کی یوکرین میں میزائل حملے میں موت
تلنگانہ کے جگتیال اربن منڈل کے حسن آباد سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ واویلا سدرشن، جو چار ماہ قبل روزگار کے سلسلے میں یوکرین گئے تھے، روس۔یوکرین جنگ کے دوران میزائل حملے میں ہلاک ہوگئے۔
رشتہ داروں کے مطابق سدرشن یوکرین میں تعمیراتی شعبہ سے وابستہ تھے۔ پیر کی رات وہ اپنے کمرے میں موجود تھے کہ اچانک جنگی سائرن بجنے لگا۔ وہ محفوظ مقام کی طرف جانے کے لئے لیے باہر نکل رہے تھے کہ اسی دوران میزائل کی زد میں آگئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
چار ماہ قبل روزگار کی تلاش میں یوکرین جانے والے سدرشن کی اچانک موت سے ان کے افراد خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ ان کی اہلیہ بھارگوی اور دو بیٹے غم سے نڈھال ہیں۔ حسن آباد میں بھی سدرشن کی موت کی خبر سے سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
جگتیال کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے سدرشن کے گھر پہنچ کر گھر والوں سے تعزیت کی اور انہیں دلاسہ دیا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔



