جگتیال بلدی انتخابات میں کانگریس ٹکٹوں کی تقسیم میں ہنگامہ، جیون ریڈی گروپ میں شدید ناراضگی- رکن اسمبلی کے گھر پر سیکورٹی
تلنگانہ کے جگتیال بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹوں کی تقسیم کو لے کر زبردست ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض امیدواروں نے سابق وزیر جیون ریڈی کی رہائش گاہ کے سامنے جمع ہو گئے اور نعرے بازی کے ساتھ سخت احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق مجموعی 50 نشستوں میں سے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کے گروپ کو 30 نشستیں جبکہ سینئر لیڈر جیون ریڈی کے گروپ کو محض 20 نشستیں دیے جانے پر جیون ریڈی کے حامیوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
احتجاجی کارکنوں کا الزام ہے کہ پارٹی کا پرچم تھامنے والے اور طویل عرصے سے کانگریس سے وابستہ اصل کارکنوں کو بی-فارم نہیں دیے گئے، جبکہ حال ہی میں پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ٹکٹ دے دیے گئے۔ اس پر جیون ریڈی کی رہائش گاہ کے سامنے کارکنوں نے اپنی ناراضگی اور مایوسی کا اظہار کیا۔
اصل کانگریس کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ ایم ایل اے سنجے نے ان کا حق چھین لیا ہے اور خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ ان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ بھی کریں گے۔
ٹکٹوں کے اس تنازعہ کے پیش نظر ایم ایل اے سنجے کے کیمپ آفس اور ان کی رہائش گاہ کے اطراف پولیس نے بھاری بندوبست کر دیا ہے۔



