تلنگانہ
بحرین میں جگتیال کے نوجوان کی خودکشی۔ سالگرہ کا کیک کاٹنے کے بعد انتہائی اقدام

جگتیال : خاندانی مالی مشکلات کے باعث روزگار کے لیے خلیجی ملک جانے والے ایک نوجوان بحرین میں خودکشی کرلی۔تفصیلات کے مطابق جگتیال ضلع ہیڈکوارٹر کے ٹاکا اسٹریٹ کے رہائشی انوملا شنکر اور لاونیا کا بیٹا کلیان عمر 26
سال تقریباً دس ماہ قبل روزگار کی تلاش میں بحرین گیا تھا۔ کلیان نے اپنے والدین کو مالی طور پر سہارا دینے کے لیے یہ قدم اٹھایا تھا۔ وہ وہاں ایک کار ورکشاپ میں ملازمت کر رہا تھا۔ذرائع کے مطابق کم تنخواہ ملنے کے باعث کلیان نے بہتر
ملازمت کے لیے ورکنگ ویزا حاصل کرنے کی غرض سے ایک ایجنٹ کو رقم ادا کی تھی۔ منگل کے روز اس کی سالگرہ تھی۔ اس موقع پر اس نے اپنے کمرے میں کیک کاٹا اور ویڈیو کال کے ذریعے اپنے
اہلِ خانہ کے ساتھ خوشی منائی تاہم اسی رات نصف شب کے قریب اس نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کر لی۔



