تلنگانہ

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ  محمد اظہرالدین کی قیادت میں وفد کی چیف منسٹر  ریونت ریڈی سے ملاقات ، اہم تجاویز پیش

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ  محمد اظہرالدین کی قیادت میں وفد کی چیف منسٹر  ریونت ریڈی سے ملاقات ، اہم تجاویز پیش

 

امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین نے وفد کے ہمراہ وزیر اعلی تلنگانہ جناب اے ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے میمورنڈم حوالےکیا۔ وفد نے چیف منسٹر کا اس بات پر شکریہ ادا کیا کہ وہ ریاست کی ترقی اور سماجی انصاف کے لئے کوشش کر رہے ہیں جو کہ قابل تعریف ہے وفد نے چیف منسٹر کو حسب ذیل امور کی طرف متوجہ کیا۔وفد نے کہا کہ گذشتہ بیس ماہ میں کم و بیش پینتالیس فرقہ وارانہ واقعات ریاست میں پیش آئے اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے سخت اقدامات ضروری ہیں ۔ اس سلسلہ میں حسب ذیل تجاویز پیش کی گئیں :

 

1)اقلیتوں کو فرقہ وارانہ تشدد سے بچانے کے لیے فرقہ وارانہ تشدد بل لایا جائے تاکہ اقلیتوں کی حفاظت یقینی ہوسکے ۔

 

2) فرقہ وارانہ تشدد کی روک تھام کے لئے 7×24 فری ہیلپ لائین شروع کی جائے جو کہ پریس میں بھی نفرت آمیز مواد کو روکنے کے لیے 24 گھنٹے کام کرے۔

 

3)انکاونٹرز اور پولیس حراست میں ہوئی اموات کی آزادانہ جوڈیشیل تحقیقات کرائی جائیں۔

 

4)فرقہ وارانہ واقعات میں معصوم لوگوں کے خلاف جو مقدمات دائر کئے گئے ہیں خاص کر جینور فسادات میں ان مقدمات کو واپس لیا جائے۔

5)ایس آئی آر کے ذریعہ اقلیوں کو ووٹ سے محروم کرنے کی سازش کی جماعت اسلامی ہند سختی سے مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ضروری دستاویزات کی تیاری کے سلسلہ میں عوام کو سہولت بہم پہنچائے۔

 

6)اقلیتوں کے لیے علحدہ سب پلان قائم کیا جائے جس طرح ایس سی’ ایس ٹی کے لئے قائم ہے تاکہ اقلیتوں کی ترقی کے لئے جو بجٹ اعلان کیا گیا ہے وہ استعمال کیا جاسکے۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپس کو فوری بحال کیا جا ہے۔اقلیتی بیروزگار نوجوانوں کے لئے یوتھ امپاورمنٹ اسکیم شروع کی جائے اور اقلیتی فائنانس کارپوریشن کو مستحکم کیا جا ہے۔

 

7) تلنگانہ مائینارئٹیز اقامتی اسکولس کو مزید ترقی دی جائے۔ ملازمین کی تنخواہوں کو مائناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے بجائےسرکاری خزانہ سے جاری کیا جائے ۔اردو زبان کو لازماً دوسری سرکاری زبان بنایا جائے۔ اردو و عربی ٹیچرز کا تقریر کیا جائے۔ان مدارس میں سیکورٹی کا مناسب انتظام کیا جائے۔

 

8)وقف جائیدادوں کا تحفظ کیا جائے۔ وقف بل 2025 کی حکومت مخالفت کرے۔وقف جائیدادوں کے ڈیجٹیل رجسٹریشن کو آسان بنا کر تمام اضلاع میں اسکی سہولت مہیا کی جائے۔ وقف بورڈ میں جواہدہی پیدا کی جائے اور وقف بورڈ کو خوداختیار بنایا جائے۔ وقف جائیدادوں کی حفاظت کے لئے خصوصی ٹاسک فورس بنائی جائے۔

 

9)تعلیم،صحت،سماجی بہبود اور شہری ترقی کے امور میں اقلیتوں کے مسلمہ تنظیموں کو نمائندگی دی جائے ۔چیف منسٹر کے دفتر اور اقلیتوں کی تنظیموں کے درمیان مستقل رابطہ کی شکل پیدا کی جائے ۔

جماعت اسلامی ہند ‘ تلنگانہ اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ حکومت کے تعمیری اقدامات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ریاست کی ترقی کے لئے حکومت کا تعاون کرے گی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ جناب اے۔ ریونت ریڈی نے جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے وفد کی تجاویز کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ، وقف جائیدادوں کے تحفظ اور دیگر تجاویز کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔وفد میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین صاحب کے ہمراہ سابق امیر حلقہ مولانا حامد محمد خان ‘ معاونین امیر حلقہ حافظ محمد رشادالدین،جناب محمد صادق احمد،ناظم شہر ڈاکٹر محمد مبشر احمد،سکریٹریز حلقہ جناب سید فخر الدین علی احمد،ڈاکٹر شیخ عثمان، ڈاکٹر عاطف اسماعیل و دیگر شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button