چیف منسٹر ریونت ریڈی، بیرسٹر اسداویسی، اکبر الدین اویسی کا 1500 جشن میلاد کے ضمن میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس

شہر حیدرآباد و ریاست بھر میں اتوار 14 ستمبر کو مرکزی میلاد جلوس
چیف منسٹر ریونت ریڈی، بیرسٹر اسداویسی، اکبر الدین اویسی کا 1500 جشن میلاد کے ضمن میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد 29 اگست (پریس نوٹ) حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے 1500 سالہ جشن میلاد کے ضمن میں شہر حیدرآباد اور ریاست کے تمام مقامات پر اتوار 14 ستمبر یعنی 21 ربیع الاول کو میلاد جلوس نکالے جائیں گے۔ عظیم الشان پیمانے پر جشن میلاد کا اہتمام کیا جائے گا۔
حضور پاکؐ کے 15 سو سالہ جشن میلاد کے جشن کو بڑے پیمانے پر منانے کے لیے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج ایک اہم اجلاس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بنجارہ ہلز میں منعقد ہوا، جس میں بیرسٹر اسد الدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اور جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی کے علاوہ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے عہدیدار اور ارکان شریک تھے۔ چیف منسٹر نے اس اجلاس میں مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کو تیقن دیا کہ حکومت کی جانب سے جشن میلاد کے بڑے پیمانے پر اہتمام کے لیے مکمل طور پر اشتراک و تعاون کیا جائے گا۔
سماج میں امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے اور محبت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کو تیقن دیا کہ اتوار 14 ستمبر کو نہ صرف حیدراباد بلکہ ریاست کے تمام اہم مقامات پر موجود قدیم تاریخی اور اہم مساجد اور درگاہوں کو روشن کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی اور اضلاع کی کمیٹیوں سے اشتراک و تعاون کی خواہش کی
۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ضمن میں روشنیوں، برقی سجاوٹ کے لیے انہوں نے محکمہ برقی کو ہدایت دے دی ہے کہ اس ضمن میں مفت برقی سربراہ کی جائے گی، میلاد کمیٹیاں اس ضمن میں پروٹوکول پر عمل کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ چونکہ جشن میلاد کا یہ اہم موقع ہے، اس لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جائیں، اس سلسلہ میں حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی
۔ انہوں نے اس ضمن میں مجلسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے صدر مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ، جنرل سیکرٹری مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ، کنوینر مرکزی میلاد جلوس مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان قادری بندہ نوازی اور کمیٹی کے دیگر ارکان میں مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید محمد سیف اللہ حسینی الباقری، مولانا سید احمد محی الدین قادری نوری شاہ ثانی، مولانا ڈاکٹر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ اس اجلاس میں شریک تھے۔ چیف منسٹر اور مجلسی قائدین کے ساتھ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی کے جنرل سکریٹری مولانا سید قادر محی الدین قادری جنید پاشاہ زرین کلاہ نے کہا کہ اتوار 14 ستمبر کو بعد نماز ظہر تاریخی مکہ مسجد سے مرکزی میلاد جلوس نکالا جائے گا،
جو چارمینار، گلزار حوض، پتھرگٹی، مدینہ بلڈنگ، سالار جنگ میوزیم، دارالشفاء، پرانی حویلی، میر عالم منڈی، اعتبار چوک، کوٹلہ عالی جاہ، بی بی بازار چوراہا سے گذر کر والٹا ہوٹل چوراہا پر اختتام کو پہنچے گا۔ انہوں نے شہر حیدراباد کی تمام میلاد کمیٹیوں سے خواہش کی کہ وہ مرکزی میلاد جلوس کمیٹی سے اشتراک و تعاون کریں اور انتہائی نظم و ضبط اور پرامن جلوس کو نکالنے کا اہتمام کریں۔ چونکہ حضور پاک کا 1500 سالہ جشن میلاد ہے، اس لیے مرکزی میلاد جلوس کمیٹی یہ چاہتی ہے کہ اس جلوس میں نہ صرف شان و شوکت کا مظاہرہ ہو بلکہ حضور پاکؐ کی تعلیمات کے پیام کا بھی ظاہر ہو، خرافات اور بے ہنگم مظاہرے نہ ہوں۔
اس ضمن میں اسکولس اور کالجس و دینی مدارس کے طلباء کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پلے کارڈس اور مختلف ذرائع کے ذریعہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اجاگر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ اجلاس میں چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ، ٹمریز کے صدر نشین جناب محمد فہیم الدین قریشی، کمشنر پولیس حیدرآباد وہ ڈائرکٹر جنرل سی وی آنند، ڈائرکٹر جنرل انٹلی جنس شیودھرریڈی اور دیگر اعلی عہدیدار شریک تھے۔