تلنگانہ

صحافیوں کے ایکریڈیٹیشن کارڈ کی معیاد میں مزید دو ماہ کی توسیع – تلنگانہ حکومت کی ہائی کورٹ کو اطلاع -جی او 252 پر سماعت

*ہائی کورٹ میں صحافیوں کے اکریڈیٹیشن کارڈ جی او 252 کے خلاف اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی عرضی پر سماعت۔*

 

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتا یا کہ ایکریڈیٹیشن کارڈز کی مدت میں 30 اپریل 2026 تک توسیع دی جائگی۔

 

حیدرآباد، 26 فروری: تلنگانہ ہائی کورٹ میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور اکریڈیٹیشن کارڈ جی او نمبر 252 اور جی او 103 کی ترمیمات کے خلاف تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن ( ٹی یو ڈبلیو جے ایف) کی جانب سے دائر کردہ عرضی پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں ایکریڈیٹیشن کارڈز کی معیاد 30 اپریل 2026 تک برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

 

یہ عرضی تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے داخل کی گئی ہیں، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ حکومتی احکامات سے صحافیوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور سہولیات متاثر ہو سکتی ہیں۔ درخواست گزاروں کی نمائندگی معروف قانون داں اڈوکیٹ برکت علی خان نے کی۔

 

سماعت کے دوران اسپیشل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے ورکنگ جرنلسٹس کی پیشہ ورانہ مصروفیات میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے عارضی طور پر ایکریڈیٹیشن کارڈز کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

 

عدالت نے سرکاری بیان کو ریکارڈ پر لیتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ ایکریڈیٹیشن کارڈز 30 اپریل 2026 تک مؤثر رہیں گے۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت کو ہدایت دی گئی کہ وہ G.O. Ms. No. 252 اور ترمیم شدہ G.O. 103 کے خلاف اٹھائے گئے نکات پر تفصیلی جواب داخل کرے۔

 

عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت چار ہفتوں بعد مقرر کی ہے۔

 

اس عبوری فیصلے کے بعد تلنگانہ بھر کے اکریڈیٹیڈ صحافی سرکاری پروگرامس اور دیگر سرکاری سہولیات سے بلا تعطل استفادہ جاری رکھ سکیں گے، جسے صحافتی حلقوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سید غوث محی الدین جنرل سکریٹری تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے اکریڈیٹیشن کارڈ کی مدت میں توسیع کا خیرمقدم کیا ہے تاہم اس کو عبوری راحت قرار دیا ہے۔ انھوں نے صحافیوں سے انصاف تک جدو جہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button