تلنگانہ

جی او 252 کے خلاف صحافیوں میں بے چینی، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کا اہم اجلاس، حکم نامہ مسترد

تلنگانہ ریاست میں صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز کی اجرائی سے متعلق کانگریس حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے نئے جی او 252 کو لے کر صحافی برادری میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں غور و خوض کے لیے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس بعنوان جی او 252، میڈیا پلس آڈیٹوریم، گن فاؤنڈری میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریاستی و ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت فیڈریشن کے ریاستی صدر ایم اے ماجد نے کی۔

 

اس موقع پر ریاستی ذمہ داران نے نئے جی او 252 کے مختلف نکات، اس کے ممکنہ فوائد اور نقصانات سے شرکاء کو تفصیل کے ساتھ واقف کروایا۔ ساتھ ہی اضلاع سے آئے ذمہ داران سے بھی تجاویز حاصل کی گئیں تاکہ اس معاملے پر مشترکہ اور مؤثر موقف اختیار کیا جا سکے۔

 

اجلاس میں ریاستی جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین، نائب صدور ایم آر کے فیصل، سید عظمت علی شاہ، سید احمد جیلانی نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے جی او 252 کو اردو ہی نہیں بلکہ تلگو صحافیوں کے لیے بھی نقصان دہ قرار دیا۔ مقررین نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ارکانِ اسمبلی اور حکومتی عہدیداران سے مؤثر نمائندگی کی تجویز پیش کی۔

 

اجلاس کی کارروائی آرگنائزنگ سکریٹری محمد امجد نے چلائی، جبکہ اجلاس کا آغاز قرآنِ کریم کی تلاوت اور نعتِ شریف سے ہوا۔ اس موقع پر صحافیوں کی مؤثر نمائندگی کے لیے ایک مضبوط ٹریڈ یونین کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔ ساتھ ہی اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ ضلعی سطح پر فیڈریشن سے وابستہ ایک صحافی کو ایکریڈیشن کمیٹی کے لیے منتخب کروانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

 

اجلاس میں شریک ذمہ داران کا متفقہ طور پر کہنا تھا کہ جی او 252 صحافیوں کے مفاد کے خلاف ہے، جسے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن سختی سے مسترد کرتا ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ فیڈریشن نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے حق میں بہتر اور منصفانہ احکامات جاری کیے جائیں اور تمام زبانوں کے صحافیوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنایا جائے۔

 

اسمال و میڈیم نیوز پیپرس اسوسی ایشن کے صدر و ایڈیٹر اسکائی لائن رنگاسائی نے حکم نامہ 252 کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اس سے ہونے والے نقصانات سے واقف کروایا۔

 

اجلاس میں فیڈریشن کے خازن ایم اے محسن، جوائنٹ سکریٹریز و آرگنائزنگ سکریٹریز اور اراکینِ عاملہ خلیل فرہاد، ایم اے لیق، نعیم غوری، خالد شہباز، محمد واجد، ریاستی کور کمیٹی کے اراکین، اضلاع کے نمائندے، صدور و معتمدین نے شرکت کی۔ سید واجد حسینی نے شکریہ ادا کیا۔

 

بعدازاں فیڈریشن کے ایک وفد نے میڈیا اکیڈمی کے صدرنشین سرینواس ریڈی سے ملاقات کر کے اس حکم نامے میں ترمیمات سے متعلق ایک محضر حوالے کیا۔ اضلاع کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button