حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار نوین یادو کی شاندار کامیابی

حیدرآباد کے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار نوین یادو نے شاندار اور تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی آر ایس امیدوار ماگنتی سنییتا کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔
ووٹوں کی گنتی شروع ہوتے ہی پہلے راؤنڈ سے آخری راؤنڈ تک نوین یادو نے مسلسل اپنی برتری برقرار رکھی اور کسی بھی مرحلے پر مقابلہ کانٹے کا نہیں رہا۔ پہلے ہی راؤنڈ میں ہزاروں ووٹوں کا فرق سامنے آگیا تھا جس نے انتخابی نتیجے کا رخ واضح کردیا۔
اس کے بعد راؤنڈ در راؤنڈ کانگریس امیدوار کی سبقت میں اضافہ ہوتا گیا اور بی آر ایس امیدوار مکمل گنتی کے دوران فرق کم کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ گنتی کے تمام دس راؤنڈز میں نوین یادو ہی سب سے آگے رہے اور آخرکار 25 ہزار سے زائد ووٹوں کی فیصلہ کن اکثریت کے ساتھ جیت اپنے نام کرلی۔
اس کامیابی نے حلقے میں نہ صرف کانگریس کی پوزیشن کو مضبوط کیا بلکہ نوین یادو کی سیاسی ساکھ کو بھی نئی بلندی دی۔ وہ اس سے قبل اسی حلقے سے دو مرتبہ شکست کھاچکے تھے لیکن اس بار انہوں نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے ثابت کردیا کہ عوام کا اعتماد ان کے ساتھ ہے۔ ووٹرز کے فیصلے نے جوبلی ہلز میں تبدیلی کی لہر واضح کردی اور کانگریس کا پرچم اس حلقے میں ایک بڑی اکثریت کے ساتھ لہرا دیا۔



