تلنگانہ

بنڈارو دتاتریہ کی سرپرستی میں الائی بلائی پروگرام کا انعقاد صدر تلنگانہ جاگروتی کے کویتا کی شرکت۔سابق گورنرکی دختر وجئے لکشمی نے پرتپاک استقبال کیا۔

بنڈارو دتاتریہ کی سرپرستی میں الائی بلائی پروگرام کا انعقاد

صدر تلنگانہ جاگروتی کے کویتا کی شرکت۔سابق گورنرکی دختر وجئے لکشمی نے پرتپاک استقبال کیا۔

 

 

صدر تلنگانہ جاگروتی و سابق رکن پارلیمنٹ نظام آباد کلواکنٹلہ کویتا نے آج سابق گورنر اور بی جے پی کے سینئر رہنما بنڈارو دتاتریہ کی سرپرستی میں منعقدہ الائی بلائی پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر دتاتریہ کی دختر وجئے لکشمی نے کویتا کا پرتپاک استقبال کیا

 

۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں سے دتاتریہ اس پروگرام کو بڑی عقیدت اور محبت کے ساتھ منعقد کرتے آرہے ہیں، جو سیاست، مذہب اور برادریوں کے حدود سے بالاتر ہوکر ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر سامنے آتا ہے جہاں خوشیاں بانٹی جاتی ہیں اور تلنگانہ کی تہذیبی و ثقافتی روح اجاگر ہوتی ہے۔

 

کویتا نے کہا کہ تہوار کا اصل مطلب یہی ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو محدود نہ رکھیں بلکہ دوسروں کے ساتھ بانٹیں ۔ الائی بلائی اسی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دتاتریہ کی دختر وجئے لکشمی نے اپنے والد کی اسی روایت کو آگے بڑھایا ہے، جس پر وہ انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہیں اور امید ظاہر کرتی ہیں کہ آئندہ بھی یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ اسی جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوتا رہے گا۔

 

کویتا نے کہا کہ دتاتریہ کا کسی جماعت کےسیاسی رہنما یا گورنر کے طور پر تذکرہ نہیں کیا جاتا بلکہ وہ ایک ایسے شخصیت کے طور پر ذہنوں میں محفوظ ہیں جو ہمیشہ لوگوں کو جوڑنے اور ان کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہے۔ سیاست میں اپنے سفر کے دوران کئی افراد نے انہیں بتایا کہ جو بھی کسی مسئلے کے حل کے لئے دتاتریہ کے پاس جاتا، وہ نہ صرف فوری توجہ دیتے بلکہ اس وقت تک نمائندگی کرتے جب تک مسئلہ مکمل طور پر حل نہ ہوجاتا۔ یہی وجہ ہے کہ دتاتریہ عوامی خدمت کی ایک روشن مثال کے طور پر جانے جاتے ہیں

 

۔کویتا نے کہا کہ آج انہیں بے حد خوشی ہے کہ وہ ایسے باوقار اور عوام دوست رہنما کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے پروگرام کا حصہ بنی ہیں اور ان کی دلی خواہش ہے کہ گزشتہ بیس برسوں سے جاری یہ روایت آنے والے دنوں میں بھی تلنگانہ کی ثقافت اور بھائی چارے کی عکاسی کرتے ہوئے اسی شان و وقار کے ساتھ جاری رہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button