بارش متاثرین کی مدد کے لئے تلنگانہ جاگروتی کے کارکنان کوئی کسر باقی نہ رکھیں: کے کویتا

بارش متاثرین کی مدد کے لئے تلنگانہ جاگروتی کے کارکنان کوئی کسر باقی نہ رکھیں: کے کویتا
صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ریاست تلنگانہ بالخصوص کاماریڈی، نظام آباد، عادل آباد، نرمل اور آصف آباد میں بارش سے تباہی اور بھاری نقصانات پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لئے اقدامات کی تلنگانہ جاگروتی کے قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی۔
کویتا نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی کے قائدین اور کارکن فیلڈ پر رہیں اور بارش متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کریں۔انہوں نے کاماریڈی ضلع میں جاری شدید بارش کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر ریاستی حکومت سے فوری راحتی اقدامات کی اپیل کی ہے۔کویتانے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کئی متاثرہ خاندان اس بات کی شکایت کر رہے ہیں کہ مقامی حکام کی جانب سے اب تک کوئی مدد نہیں پہنچی، عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ نشیبی علاقوں میں محصور افراد کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرے۔متاثرین کے لئے عارضی شیلٹرس قائم کئے جائیں اور غذائی اشیاء کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے۔کویتا نے کہا کہ کئی مقامات پر غذائی قلت پیدا ہوگئی ہے جس پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران محتاط اور چوکس رہیں جبکہ عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ پوری طرح متحرک رہیں تاکہ متاثرین کو کوئی مشکلات پیش نہ آئے۔