تلنگانہ

کے کویتا کی قیادت میں جی پی او سے سونیا گاندھی کو عوامی وعدوں کی تکمیل کے لئے پوسٹ کارڈس کی روانگی

انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کو فی الفور پورا کیا جائے

کانگریس کی وعدہ خلافیوں کے خلاف پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز

سونیا گاندھی کی تصویر پر مبنی گارنٹی کارڈس کی تقسیم کے ذریعہ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی

جھوٹ بولنا ریونت ریڈی کی عادت۔چھ ضمانتوں پر کھلے مباحث کا چیلنج

بی سیز کو 42 فیصد تحفظات کے بغیر انتخابات پر عوام حکمران جماعت کو معاف نہیں کریں گے

قیام تلنگانہ کے سی آر کی مرہون منت۔چیف منسٹر اس بات کو فراموش نہ کریں

گوداوری کا پانی چندرا بابو نائیڈو کو بریانی کھلا کر تحفہ میں دینے کا الزام

کے کویتا کی قیادت میں جی پی او سے سونیا گاندھی کو عوامی وعدوں کی تکمیل کے لئے پوسٹ کارڈس کی روانگی

 

صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے آج جاگروتی کارکنان کے ہمراہ حیدرآباد کے علاقہ عابڈز میں واقع جی پی او دفتر پہنچ کر کانگریس قائد سونیا گاندھی کے نام ایک احتجاجی مکتوب روانہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے موجودہ کانگریس حکومت اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کا قیام عمل میں آکر 18 ماہ مکمل ہو چکے ہیں

 

لیکن انتخابی منشور میں عوام بالخصوص خواتین، بزرگ شہریوں اور معذور افراد سے کئے گئے وعدوں کو ابھی تک پورا نہیں کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی وعدہ خلافیوں کے خلاف آج ”پوسٹ کارڈ مہم” کا آغاز کیا گیا۔ہزاروں کی تعداد میں پوسٹ کارڈس سونیا گاندھی کے نام روانہ کئے گئے، جن میں عوامی مسائل اور وعدہ خلافیوں کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ معمر شہریوں کے لئے پنشن کو 2ہزار روپئے سے بڑھاکر4 ہزار روپئے کرنے کا وعدہ محض وعدہ ہی رہا۔معذور افراد کی پنشن کو 4 ہزار روپئے سے 6 ہزار روپئے تک بڑھانے کا دعویٰ بھی پورا نہ ہو سکا۔خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے دینے کا اعلان بھی صرف زبانی وعدہ رہا۔

 

کانگریس نے 6 ضمانتوں کے نام پر عوام میں گیارنٹی کارڈس تقسیم کئے، جن پر سونیا گاندھی کی تصویر تھی لیکن آج وہی عوام مایوس اور فریب و دھوکہ کا شکار ہیں۔

 

صدر تلنگانہ جاگروتی کویتا نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے اور 6 ضمانتوں کے نفاذ پر کھلے مباحث کا چیلنج دیا۔انہوں نے کہا کہ ریوَنت ریڈی نے چندرابابو نائیڈو کو حیدرآباد بلا کر بریانی کھلائی اور ریاست کی قیمتی گوداوَری ندی کے پانی کو تحفہ کے طور پر پیش کر دیا۔سال 2016 میں نہ تو پولاورم پروجیکٹ کا کوئی ذکر تھا اور نہ ہی بنکچرل معاملے کی کوئی بنیاد تھی

 

، لیکن آج حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے جھوٹ بول رہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ جھوٹ بولنا وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی عادت بن چکی ہےاور عوام کی توجہ، اصل مسائل سے ہٹانا قابل مذمت عمل ہے۔کویتا نے کہا کہ اگر پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات دیئے بغیر انتخابات کی طرف بڑھا گیا تو عوام کانگریس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے یاد دلایا کہ کے سی آر نے کبھی بھی تلنگانہ کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچایا۔تلنگانہ کا قیام کے سی آر کی جرات مندی کا نتیجہ ہے

 

یہی وجہ ہے کہ آج ریونت ریڈی تلنگانہ کےوزیر اعلیٰ بن سکے ہیں، یہ بات وہ نہ بھولیں۔ کویتا نے آخر میں کہا کہ ہم نے سونیا گاندھی کو یہ پوسٹ کارڈس اس لئے بھیجے ہیں تاکہ وہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو ہدایات دیں کہ عوامی وعدے فوراً پورے کئے جائیں، خصوصاً پنشن کی رقم میں اضافہ کیا جائے۔ عوامی اعتماد کا تقاضہ ہے کہ وعدے پورے کئے جائیں ورنہ عوام کانگریس کو آئندہ سبق سکھائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button