Uncategorized

تلگو ریاستوں میں سناروں کے خودکشی واقعات باعث تشویش : رکن کونسل کویتا

تلگو ریاستوں میں سناروں کے خودکشی واقعات باعث تشویش

کارپوریٹ اداروں کے غلبہ اور پولیس کی ہراسانی کے باعث سنار انتہائی اقدام پر مجبور

وشو کرما برادری کی ہر ممکنہ مدد کا ریاستی حکومت سے پرزورمطالبہ

بطور بہن تمام سنار بھائیوں سے خودکشی نہ کرنے کی دردمندانہ اپیل

حالات کا ہمت سے مقابلہ کرنے کا مشورہ ۔صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن کونسل بی آر ایس کے کویتا کا بیان

 

صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے کہاکہ حالیہ دنوں میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پے در پے سناروں کے خودکشی واقعات نے دل دہلا دیا ہے۔کویتا نے صحافتی بیان میں کہا کہ زیورات سازی سے وابستہ وشوکرما طبقہ صدیوں سے ملک کی تہذیبی اور اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند رہا ہے،

 

مگر موجودہ دور میں کارپوریٹ کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے غلبے اور پولیس کی ہراسانی نے ان کے روزگار اور عزت نفس دونوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں سونے کو نہ صرف قیمتی دھات مانا جاتا ہے بلکہ اس سے جڑی روایات اور ثقافت بھی بہت مقدس تصور کی جاتی ہیں۔ شادی بیاہ، خوشی کے مواقع ، مذہبی رسومات نیز ہر تقریب میں سونے اور چاندی کے زیورات کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔

 

ان زیورات کو تیار کرنے والے سنار صرف ایک مخصوص ذات سے وابستہ نہیں بلکہ دیگر کئی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس پیشے کو ذریعہ معاش بنائے ہوئے ہیں۔ کویتا نے کہا کہ آج بھی لڑکیاں اپنی شادی یا دیگر اہم مواقع کے لئے منگل سوتر یا دیگر زیورات تیار کروانے کے لئے سنار کے پاس جاتی ہیں، نہ کہ کسی بڑی دکان یا برانڈ کے پاس۔ ایسے ہنرمندوں کو بچانا اور ان کا تحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ پولیس محض شک کی بنیاد پر یا بغیر مکمل تفتیش کے سناروں پر دفعہ 411 کے تحت مقدمات درج کر رہی ہے جبکہ مسروقہ سونا فروخت کرنے والے سارقین کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ ایسے حالات میں ہنرمند اور معصوم سنار ذہنی اذیت سے دوچار ہو کر خودکشی جیسے انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ یہ یاد رکھنا چاہئے کہ خودکشی کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں۔ کتنا ہی مشکل وقت کیوں نہ ہو، ہمت سے حالات کا سامنا کرنا چاہئے۔ کویتا نے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ جب وہ نظام آباد کی رکن پارلیمان تھیں تو انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ سناروں کو پولیس کی جانب سے ہراسانی کا سامنا نہ کرنا پڑے

 

۔ آج بطور رکن قانون ساز کونسل اور تلنگانہ جاگروتی کی صدر انہوں نے دفعہ 411 میں فوری ترمیم کا مطالبہ کیا تاکہ بے قصور ہنرمند سناروں کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہی نہیں بلکہ آندھرا پردیش میں بھی یہی صورت حال پائی جا رہی ہے اور وہ اس قانون کی تبدیلی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی

 

۔ کلواکنٹلہ کویتا نے کانگریس پارٹی کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کاماریڈی ڈیکلریشن کے دوران سناروں اور تمام ہنر مند برادریوں کی مدد کا وعدہ کیا تھا۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت ان وعدوں پر عمل کرے اور ان روایتی پیشوں سے وابستہ افراد کو کارپوریٹ اداروں کے برابر لانے کے لئے عملی کوشش کرے۔انہوں نے کہا کہ کچھ دھوکہ باز اور خودساختہ پولیس ملازمین بھی سناروں کو دھمکیاں دے کر لوٹ رہے ہیں۔ ایسی کسی بھی شکایت کی صورت میں سنارفوراً حقیقی پولیس سے رجوع ہوں۔

 

صدر جاگروتی نے کہا کہ خودکشی مسئلہ کاکوئی حل نہیں۔حالات کا ہمت سے مقابلہ کرتے ہوئے زندگی گزارنا ہی کامیابی ہے۔ آپ کے بچوں کا مستقبل، آپ کے حوصلوں پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور بہن، تمام سنار بھائیوں سے اپیل کرتی ہیں کہ وہ برائےکرم خودکشی نہ کریں۔ جئیں، لڑیں، اور جیتیں۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button