تلنگانہ کے کیتھن پلی بلدیہ کے چیرمین کے انتخاب کے دوران کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان تصادم – پولیس لاٹھی چارج ؛ کئی افراد زخمی

تلنگانہ کے ضلع منچریال کے علاقے کیتھن پلی بلدیہ میں میونسپل چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے دوران بی آر ایس اور کانگریس کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے باعث شدید کشیدگی پیدا ہوگئی
۔ بی آر ایس اور سی پی آئی کے کونسلرس سخت سیکیورٹی کے درمیان میونسپل دفتر پہنچے، جبکہ کانگریس کے کونسلرس ایم پی ومشی کرشنا اور وزیر وویک وینکٹ سوامی کے ہمراہ آئے
۔ اس دوران بی آر ایس اور کانگریس قائدین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھڑپوں میں تبدیل ہوگئی اور دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔ صورتحال بگڑنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے حالات کو قابو میں کیا،
جس میں کئی افراد زخمی ہوگئے اور انہیں علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب بی آر ایس نے الزام لگایا کہ پولیس اور حکام کی مدد سے کانگریس دوبارہ میونسپل چیئرمین کا عہدہ حاصل کرنے کی سازش کر رہی ہے اور بی آر ایس کونسلروں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے سے روکنے کے لیے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں
۔ 21ویں وارڈ کی بی آر ایس کونسلر سورنا لتا کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا جس پر ایم ایل اے کووا لکشمی اور سابق ایم ایل اے بالکا سمن نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
بعد ازاں بالکا سمن پر کانگریس کارکنوں نے پتھراؤ کیا جس کے جواب میں بی آر ایس کارکنوں نے مزاحمت کی، اور پولیس کو دوبارہ لاٹھی چارج کر کے حالات معمول پر لانا پڑا۔



