تلنگانہ

تلنگانہ کے محمد شریف کا سعودی پہنچنے کے چار دن بعد ہوا انتقال _ پارک میں ملی نعش ؛ دیڑھ ماہ بعد ہوئی متوفی کی شناخت

جدہ _ 3 اگست ( عرفان محمد) تلنگانہ کے ایک این آر آئی کی سعودی عرب پہنچنے کے چار دن کے اندر ہی موت ہوگئی، ان کی موت کے 45 دن بعد  ان  کی شناخت ہوسکی اور میت کو دو دن قبل واپس بھیج دیا گیا ۔

 

تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے کاماریڈی سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ محمد شریف 3 جون کو ریاض میں ایک صفائی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرنے آئے تھے ، انھوں نے اسی دن اپنے گھر والوں کو بتایا کہ وہ سعودی عرب میں بحفاظت پہنچ گئے ہیں اس کے بعد سے شریف کا فون نیٹ ورک ایریا سے باہر چلا گیا۔ افراد خاندان نے انھیں کئی مرتبہ فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا فون بند بتا رہا تھا ۔

 

چار دن بعد یعنی 7 جون کو ریاض شہر کے عزیزیہ پارک سے ایک نعش ملی۔ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔ پولیس نے پتہ لگایا کہ متوفی ہندوستانی شہری تھا اور کوئی بھی نعش کا دعویٰ کرنے کے لئے آگے نہیں آیا۔ اس کے بعد پولیس نے متوفی کے لواحقین کے بارے میں جاننے کے لئے معروف ہندوستانی سماجی کارکن شہاب کوٹوکاڈ سے رابطہ کیا۔ان کی بائیو میٹرک تفصیلات کی بنیاد پر ان کے پاسپورٹ کا پتہ لگایا گیا اور گھر والوں کو انتقال کی اطلاع دی گئی۔

 

محمد شریف کو ان کے آجر نے مفرور (ھروب) کے طور پر مطلع کیا کیونکہ وہ کام پر رپورٹ کرنے میں ناکام رہے تھے ۔ شہاب کوٹوکاڈ نے بتایا کہ چونکہ شریف ھروب کے زمرہ میں آگئے تھے اس لئے ان کی میت کو وطن بھیجنے میں رکاوٹیں حائل ہو رہی تھی شہاب کوٹوکاڈ نے میت کو وطن واپس لانے کے لیے ضروری قانونی کارروائیاں مکمل کیں اور ہندوستانی سفارت خانے کے تعاون سے، شریف کی میت کو حال ہی میں وطن بھیجا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button