کاماریڈی میں موسلادھار بارش سے تباہی، بکریاں بہہ گئیں، متاثرین کے لئے شبیر علی کی مساعی

کاماریڈی: تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں تیز رفتار بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں کئی بکریاں بہہ گئیں۔ کوڑنگل، ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے 15 چرواہے رات بھر سخت مشکلات میں پھنسے رہے۔ ریاستی مشیر برائے اقلیتی و ایس سی، ایس ٹی اُمور محمد علی شبیر کی ہدایت پر ان چرواہوں کو رامیشم پلی ڈبل بیڈروم کالونی میں قیام و طعام کی سہولت فراہم کی گئی۔
محمد علی شبیر نے اردولیکس کے رپورٹر ایم اے ماجد سے ویڈیو کال پر رابطہ کرتے ہوئے متاثرہ چرواہوں سے بات کی اور ان کے لیے کھانے، قیام اور پینے کے پانی کا انتظام یقینی بنایا۔ شبیر علی جو خود بخار میں مبتلا ہیں، اس کے باوجود اپنے اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے عوام کی خدمت کے لیے شبیر علی فاؤنڈیشن کے ذریعے ریلیف پیکٹ تقسیم کرا رہے ہیں۔
کاماریڈی میں مختلف فنکشن ہالوں میں بھی متاثرین کے لیے عارضی قیام و طعام کا انتظام کیا گیا ہے۔ بہت جلد ریاستی وزیر ستیااکا، جو انچارج وزیر ہیں، کاماریڈی پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کریں گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیں گی۔
محمد علی شبیر کی ہدایت پر ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس رات بھر سرگرم رہے اور متاثرین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کرتے رہے۔ کاماریڈی میں اس نوعیت کی شدید بارش پہلی بار دیکھی گئی ہے جس نے قومی شاہراہ اور ٹرین خدمات کو بری طرح متاثر کر دیا۔