تلنگانہ

کاماریڈی میں تین معصوم بچوں کے قتل پر محمد علی شبیر کا اظہارِ افسوس، متاثرہ ماں سے ملاقات کے دوران آبدیدہ

کاماریڈی میں تین معصوم بچوں کے قتل پر محمد علی شبیر کا اظہارِ افسوس، متاثرہ ماں سے ملاقات کے دوران آبدیدہ

 

کاماریڈی، 10 مارچ (سید کوثر علی) — ضلع کاماریڈی میں پیش آئے دل دہلا دینے والے واقعہ پر حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے بچوں کی ماں کو دلاسہ دیا، تاہم اس دردناک منظر کو دیکھ کر وہ خود بھی اپنے آنسو نہ روک سکے۔

 

کاماریڈی میں پیش آئے اس افسوسناک واقعہ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، جہاں تین معصوم بچوں شفاعت، آیت اور مریم کو مبینہ طور پر ان کے ہی والد نے تالاب میں پھینک کر قتل کر دیا۔ اس سانحہ کی خبر پھیلتے ہی قصبہ کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی محمد علی شبیر متاثرہ خاندان سے ملاقات کیلئے پہنچے۔ تینوں بچوں کو کھونے کے بعد ماں کو زار و قطار روتے دیکھ کر وہ بھی جذباتی ہو گئے اور دلاسہ دیتے ہوئے ان کی آنکھیں بھی نم ہو گئیں۔

 

اس موقع پر محمد علی شبیر نے کہا کہ کوئی انسان اس قدر سنگ دل کیسے ہو سکتا ہے کہ اپنے ہی بچوں کی جان لے لے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خاندان کے ساتھ ناانصافی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے ایک شرمناک واقعہ ہے۔

 

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر ہمارے اطراف کوئی شخص بھوک یا شدید مالی مشکلات کا شکار ہو تو ہمیں اپنی استطاعت کے مطابق اس کی مدد کرنی چاہئے، کیونکہ معاشرتی تعاون ہی ایسے المناک واقعات کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

 

محمد علی شبیر نے متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد فراہم کی اور بچوں کی ماں کو روزگار کیلئے کنٹریکٹ کی بنیاد پر ملازمت دلانے کا بھی وعدہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس سنگین جرم کے مرتکب ملزم کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

 

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ محمد علی شبیر نہ صرف ایک سیاسی رہنما بلکہ ایک حساس انسان اور باپ کے طور پر مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ عوام نے ان کے اس جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاماریڈی کے لوگ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں ایسا قائد ملا ہے جو عوام کے دکھ درد کو اپنی تکلیف سمجھتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button