تلنگانہ

کریم نگر میں بی جے پی کو میئر کے عہدہ سے روکنے کانگریس کی کوششیں تیز – آزاد امیدوار کی تائید پر غور

تلنگانہ کے کریم نگر میونسپل کارپوریشن میں میئر کے عہدے کو لے کر سیاسی سرگرمیاں شدت اختیار کر گئی ہیں اور سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے کانگریس نے سرگرم کوششیں شروع کر دی ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق بی آر ایس اور مجلس کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے مشترکہ حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے تاکہ میئر کی کرسی پر بی جے پی کو پہنچنے سے روکا جا سکے۔

 

اطلاعات ہیں کہ ایک آزاد کارپوریٹر کو مشترکہ امیدوار کے طور پر میدان میں اتارنے پر غور جاری ہے اور اس سلسلے میں کانگریس قائدین نے گزشتہ رات متعلقہ کارپوریٹر سے ملاقات بھی کی، جبکہ بی آر ایس قایدین کی جانب سے خفیہ رابطوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یہ اطلاعات بھی ہے کہ آزاد اور دیگر کارپوریٹروں کے علاوہ بی جے پی اراکین کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مختلف پیشکشوں کے اشارے دئے گئے ہیں۔

 

مذکورہ آزاد کارپوریٹر کی جانب سے میئر کے طور پر حمایت ملنے کی صورت میں مالی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کی بات بھی زیرِ گردش ہے۔

 

واضح رہے کہ کریم نگر میونسپل کارپوریشن میں جملہ 66 ڈویژن ہیں لیکن کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی۔

 

بی جے پی نے 30 ڈویژنوں میں کامیابی حاصل کی کانگریس نے 14، بی آر ایس نے 9، آزاد امیدواروں نے 8، مجلس نے 3 اور آل انڈیا فارورڈ بلاک نے 2 نشستوں پر فتح حاصل کی۔آزاد امیدواروں کی حمایت سے کریم نگر کے میئر کا عہدہ بی جے پی حاصل کرنے کے منصوبہ میں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button