تلنگانہ

کریم نگر کارپوریشن کی سیاست ڈرامائی موڑ پر -2فاروڈ بلاک اور 3آزاد کارپوریٹرس کی کانگریس میں شمولیت

تلنگانہ کے کریم نگر کارپوریشن کی سیاست ڈرامائی موڑ اختیار کرتی جا رہی ہے اور بڑی جماعتوں کی حکمتِ عملیوں کے باعث صورتحال نہایت دلچسپ ہو گئی ہے۔

 

کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے آل انڈیا فارورڈ بلاک کے دو کارپوریٹرس کے ساتھ 3 آزاد کارپوریٹرس نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی

 

۔ یہ شمولیت حیدرآباد میں وزراء سری دھر بابو اور پونم پربھاکر کی موجودگی میں عمل میں آئی، جہاں نئے شامل ہونے والوں کو کانگریس کا کھنڈوا پہنایا گیا۔

 

آل انڈیا فارورڈ بلاک سے تعلق رکھنے والی سائی جیوٹی اور شیاملا کے علاوہ آزاد کارپوریٹرس کمریا، نندنی ادے اور ملیشم بھی کانگریس میں شامل ہو گئے۔ اس کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کے تین کارپوریٹرس اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہونے والے ماجد حسین نے بھی وزراء کی موجودگی میں کانگریس کو مکمل حمایت دینے کا اعلان کیا۔

 

اس موقع پر کانگریس میں شامل ہونے والے کارپوریٹرز نے کہا کہ کریم نگر کی ترقی صرف کانگریس کے ذریعے ممکن ہے اور وہ ترقی کی امید کے ساتھ پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔ تازہ سیاسی پیش رفت کے بعد اب یہ تجسس بڑھ گیا ہے کہ میئر کی کرسی کس کے حصے میں آئے گی۔

 

کارپوریشن کے کل 66 ڈویژنس میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے 30 نشستیں حاصل کر کے سب سے بڑی جماعت کا درجہ پایا ہے، جبکہ کانگریس کو 14، بی آر ایس کو 9 اور مجلس کو 3 نشستیں ملی ہیں، جب کہ 10 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ میئر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 35 ارکان کی حمایت درکار ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button