کریم نگر ضلع کے نوجوان کرکٹر امن راؤ کو آئی پی ایل میں بڑی کامیابی، راجستھان رائلز نے 30 لاکھ میں خریدا
تلنگانہ کے کریم نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک باصلاحیت نوجوان کرکٹر کو آئی پی ایل ٹیم میں جگہ مل گئی ہے۔ 21 سالہ پیرالا اَمن راؤ کو منگل کے روز منعقدہ آئی پی ایل نیلامی میں 30 لاکھ روپے میں Rajasthan Royals نے اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔
امن راؤ اس وقت حیدرآباد کی جانب سے انڈر-23 زمرے میں رنجی کرکٹ ٹورنمنٹ میں مقابلے کھیل رہے ہیں۔ حال ہی میں منعقدہ مسٹاق علی کرکٹ ٹورنمنٹ میں انہوں نے 160 کے شاندار اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو نصف سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
امن راؤ کے والد مدھوسودن راؤ ماضی میں کریم نگر ہند کرکٹ ٹیم کے رکن رہ چکے ہیں اور چند برس قبل ضلع سطح کی کرکٹ کھیل چکے ہیں، جبکہ ان کے دادا پیرالا گوپال راؤ ضلع پریشد کے سابقہ نائب چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ان کا آبائی گاؤں ضلع کے سیدہ پور منڈل کا وینم پلی ہے، تاہم گزشتہ چند برسوں سے امن راؤ کا خاندان حیدرآباد میں مقیم ہے۔
نوجوان کرکٹر کے آئی پی ایل کے لئے انتخاب پر مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے اور سابق میئر سنیل نے ایک مشترکہ بیان میں مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امن راؤ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



