تلنگانہ

غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا دینے کا کویتا نے کیا مطالبہ

*کانگریس حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام*

*خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد کی فراہمی تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم*

غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا دینے کا مطالبہ

*منادرکی ترقی کے لئے فی الفور اقدامات پر زور*

*کے کویتا کا اندلوائی کی مندر کا دورہ۔ میڈیا کے نمائندوں سے خطاب*

 

صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلوا کنٹلہ کویتا نے آج اندلوائی کی مشہور راما مندر کا دورہ کیا اور یہاں پوجا کی ۔کویتا نے مقامی عقیدت مندوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے ریاستی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

انہوں نے ویملواڑہ میں روزانہ ایک بیل کی ہلاکت پر شدید تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کانگریس حکومت اس مسئلہ پر محض خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت کو واقعی مندروں سے عقیدت ہے تو وزیر اعلیٰ کو فوری طور پر اس مسئلہ پر سنجیدہ کارروائی کرنی چاہئے۔ کویتا نے حکومت پرزور دیا کہ وہ ہنگامی اقدامات کے ذریعہ ان ہلاکتوں کو روکے۔

 

انہوں نے اندلوائی راما مندر کی ترقی کے لئے مزید فنڈز کے حصول کا وعدہ کیا اور یاد دلایا کہ بی آر ایس (بھارت راشٹرا سمیتی) کے دور حکومت میں ریاست بھر کے چھوٹے اور بڑے مندروں کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کی کاوشوں کی ستائش کی اور کہا کہ تقریباً 2000 کروڑ روپئے مندروں کی ترقی پر خرچ کئے گئے تھے جو ملک بھر میں ایک مثال ہے۔ کویتا نے کانگریس حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا اورکہا کہ انتخابات سے پہلے جو وعدے کئے گئے تھے،

 

ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے گمراہ کیا اور اب عوام سے نظریں چرا رہے ہیں۔ صدر تلنگانہ جاگروتی نے خواتین کے لئے ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد کے وعدہ کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کلیان لکشمی اسکیم کے تحت فوری طور پر ایک تولہ سونا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

 

کویتا نے واضح کیا کہ بی آر ایس پارٹی عوامی فلاح، تہذیبی روایات کے تحفظ اور مذہبی مقامات کی ترقی کے لئے ہمیشہ سرگرم رہی ہے اور آئندہ بھی عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button