کویتا نے ایم ایل سی کے عہدہ اور بیآر ایس سے استعفیٰ دینے کا کیا اعلان

حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راو کی دختر کویتا نے پارٹی سے معطل کرنے کے دوسرے دن قانون ساز کونسل کی رکنیت اور پارٹی سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کویتا نے الزام لگایا کہ ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلایا جا رہا ہے کہ پارٹی کے خلاف بول رہی ہیں۔ پارٹی کے کچھ لوگوں نے ان کے خلاف کام کیا تھا اور جھوٹا پروپیگنڈہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد سنہرا تلنگانہ ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے گھروں میں سونا ہے تو کیا یہ سنہرا تلنگانہ ہوگا؟ انھوں نے الزام لگایا کہ انھوں نے بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر سے پارٹی میں ان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کی شکایت کی لیکن انہوں نے
اسے نظر انداز کردیا۔ انہوں نے تنقید کی کہ ہریش راؤ نے خود ہی پارٹی میں پریشانی پیدا کی ۔