پہلگام میں معصوم سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ کی کویتا نے کی شدید مذمت

پہلگام میں معصوم سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت
حملہ بزدلانہ اور انسانیت سوز ‘دل دہل کر رہ گیا:کے کویتا
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس وصدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے جموں وکشمیر کے پہلگام میں بے گنا ہ سیاحوں پر دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی۔انہوں نے حملہ میں سیاحوں کی ہلاکت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔کے کویتا نے حملہ کے واقعہ کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قراردیا۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کا حملہ ہمارے ملک کی سالمیت اور بھائی چارہ پر حملہ ہے۔رکن قانون ساز کونسل بی آرایس نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم X(سابقہ ٹویٹر)پر اپنے پیام میں کہاکہ جموں وکشمیر کے پہلگام میں معصوم سیاحوں پر سفاکانہ دہشت گردحملہ کے باعث دل دہل کر رہ گیاہے۔انہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورزخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کےلئے نیک توقعات وابستہ کیں۔ کے کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ مجرمین کےخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے اور خطے میں امن وامان کی برقراری کو یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات روبہ عمل لائے جائیں۔